سندھ میں پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت بدھ کو کرونا کے صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں موجودہ پابندیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں عائد پابندیوں میں نرمی کرنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔
اجلاس میں ٹاسک فورس کے ممبران اور ماہرین نے موجودہ بندشوں کو جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
یاد رہے کہ سندھ میں ہفتہ اور اتوار کاروبار بند جب کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ سمیت سنیما گھر، بیوٹی پارلرز، شادی ہال، مزارات اور پارکس پر پابندی عائد ہے۔
پاکستان میں کرونا کے مزید چار ہزار 207 کیسز
پاکستان میں بدھ کو 51 ہزار 130 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے چار ہزار 207 افراد کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ دو دو فی صد رہی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 131 افراد کرونا کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان میں اب تک آٹھ لاکھ 90 ہزار 390 افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 19 ہزار 987 ہے۔
تائیوان میں کرونا کے پھیلاؤ کے باعث پابندیاں
کرونا وبا سے کافی حد تک محفوط رہنے والے ملک تائیوان میں وائرس کے پھیلاؤ کے باعث حکام نے پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
حکام کے مطابق جمعے سے لے کر بدھ تک ملک بھر میں 1200 سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ بدھ کو یومیہ ریکارڈ 333 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ہفتے کو حکام نے سنیما گھر، بارز، تفریحی پارکس بند کر دیے تھے جب کہ منگل سے بیشتر اسکول بند اور کلاسز آن لائن کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر مزید کچھ دن تک یومیہ کیسز کی تعداد 100 سے زائد رہی تو سخت لاک ڈاؤن کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ تائیوان میں گزشتہ برس مسلسل 200 روز تک کرونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔
پاکستان میں کرونا پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان
پاکستان میں کرونا وائرس کیسز میں کمی کے پیشِ نظر حکومت نے پابندیاں مزید نرم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی) کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق پانچ فی صد سے کم مثبت کیسز والے علاقوں میں 24 مئی سے مرحلہ وار اسکول کھول دیے جائیں گے۔
مزارات، سنیما گھر، پارکس اور ان ڈور جم بدستور بند رہیں گے۔
حکام نے ریستورانوں میں رات 12 بجے تک آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت دی ہے جب کہ ہوٹلز اور ریستوران 24 گھنٹے ٹیک اوے کی سہولت فراہم کر سکیں گے۔
یکم جون سے 150 افراد کے لیے آؤٹ ڈور یا کھلے مقامات پر شادی کی تقریبات کی بھی اجازت ہو گی۔