امارات اور سعودی عرب سے پشاور آنے والے مسافر وبا سے متاثر
متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی اور سعودی عرب کے شہر ریاض سے پشاور پہنچنے والے چھ مسافروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
ابوظہبی سے پہنچنے والے پانچ جب کہ ریاض سے آنے والے ایک مسافر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
مسافر ایک ہی پرواز سے پشاور پہنچے تھے۔ اس جہاز میں 153 مسافر سوار تھے جن کے پشاور ایئر پورٹ پر ریپڈ ٹیسٹ کیے گئے۔
ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرونا متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاکستان میں اموات 20 ہزار سے متجاوز، 63 ہزار افراد زیرِ علاج
پاکستان میں کرونا سے متاثرہ زیرِ علاج افراد کی تعداد 63 ہزار 436 ہو گئی ہے۔ ایک ماہ قبل یہ تعداد 85 ہزار تھی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید چار ہزار افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ یوں مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد آٹھ لاکھ 97 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں سے آٹھ لاکھ 13 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ 20 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔
زیرِ علاج افراد میں سے چار ہزار 412 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
’اموات جاری کردہ اعداد و شمار سے زیادہ ہوسکتی ہیں‘
عالمی ادارہٴ صحت کے کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد اس کے اپنے جاری کردہ اعداد و شمار سے دو یا تین گنا زیادہ ہوسکتی ہیں۔
جمعے کو عالمی ادارہٴ صحت کے اعداد و شمار سے متعلق شعبے کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیرا اسما نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد دو سے تین گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔
ان کے بقول ’ محتاط اندازے کے مطابق کرونا سے ہونے والی ہلاکتیں 60 سے 80 لاکھ تک ہو سکتی ہیں۔
عالمی ادارہٴ صحت کے موجودہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دنیا میں کرونا سے تقریباً 34 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
بھارت میں مزید چار ہزار 209 اموات
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید چار ہزار 209 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد دو لاکھ 91 ہزار 331 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں مسلسل پانچویں روز تین لاکھ سے کم یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جمعرات کو بھارت میں مزید دو لاکھ 59 ہزار 551 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی۔ ملک میں کرونا کیسز کی کُل تعداد دو کروڑ 60 لاکھ 31 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔