کرونا ویکسین لگوانے پر ڈیٹنگ سائٹس کی خصوصی مراعات، وائٹ ہاؤس کی حوصلہ افزائی
امریکہ میں کرونا وبا پر قابو پانے کے لیے کوشاں ٹیم کا کہنا ہے کہ بڑی آن لائن ڈیٹنگ سائٹس لوگوں کی کرونا ویکسین لگوانے سے متعلق حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی سینئر مشیر اینڈی سلیوٹ کا جمعے کو صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بڑی ڈیٹنگ سائٹس، جن میں بمبل، ٹنڈر، میچ، اوک کیوپڈ کے علاوہ دیگر ویب سائٹس بھی شامل ہیں، ویکسین لگوانے پر خصوصی مراعات دے رہی ہیں۔ جن میں پروفائل پر لگانے والے بیجز اور پریمیئم خصوصیات تک رسائی شامل ہے۔
سلیوٹ کا مزید کہنا تھا کہ وبا نے لوگوں کی نجی زندگیوں کو متاثر کیا ہے اور سماجی دوری، ڈیٹنگ کے لیے موزوں نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ لوگ ڈیٹنگ کی طرف واپس جانے کے خواہاں ہیں، وہ یہ کام محفوظ رہتے ہوئے کرنا چاہتے ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو میں سلیوٹ کا کہنا تھا کہ ڈیٹنگ سائٹ اوکے کیوپڈ کی رپورٹ کے مطابق، جن افراد کو کرونا ویکسین لگی ہوتی ہے ان کے ڈیٹس پر جانے کے 14 فی صد امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
پاکستان میں اب تک 51 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن
پاکستان میں 30 سے 40 سال کے عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا عمل ہفتے سے شروع کر دیا گیا ہے۔
کرونا وبا پر نظر رکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق 30 سال سے زائد عمر والے افراد 1166 پر میسیج کرکے ویکسین کے لیے رجسٹر ہو سکتے ہیں۔
این سی او سی کے ہفتے کو جاری کردہ اعداوشمار کے مطابق رواں ہفتے 20 مئی کو ملک بھر میں ایک لاکھ 94 ہزار 421 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
پاکستان میں اب تک 51 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد ویکسین لگوا چکے ہیں۔
کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کو ویکسین کی دو ارب خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان
کرونا ویکسین بنانے والی امریکہ کی ‘فائزر’ اور جرمنی کی ‘بائیو این ٹیک’ کمپنیوں نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ وہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کو ویکسین کی دو ارب خوراکیں فراہم کریں گے۔
کرونا ویکسین بنانے والی کمپنی کی طرف سے یہ اعلان امیر اور غریب ممالک کے درمیان فرق کو مٹانے کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کا حصہ ہے۔
جرمن کمپنی فائزر کے سی ای او البرٹ بورلا کا اٹلی کے دارالحکومت روم میں منعقدہ عالمی صحت کانفرنس میں کہنا تھا کہ کرونا ویکسین کی پہلی ایک ارب خوراکوں کی کھیپ رواں سال جب کہ باقی ایک ارب خوراکوں کی کھیپ اگلے سال تک پہنچا دی جائے گی۔
خیال رہے کہ امریکی فارما سوٹیکل کمپنیاں ‘موڈرنا’ اور ‘جانسن اینڈ جانسن’ بالترتیب دو لاکھ اور ایک لاکھ خوراکیں عطیہ کرنے کا اعلان کر چکی ہیں۔
پاکستان: پابندیوں میں کمی مگر کرونا کیسز میں پھر اضافہ
پاکستان میں عید پر کرونا لاک ڈاؤن کے بعد 24 مئی سے بہت سی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لیکن کئی روز تک یومیہ کیسز کی تعداد کم رہنے کے بعد ایک مرتبہ پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ ایسی صورتِ حال میں پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ ماضی سے کتنا مختلف ثابت ہوگا؟ جانیے پنجاب کرونا ایڈوائزری گروپ کی رکن ڈاکٹر صومیہ اقتدار سے۔