پاکستان میں کرونا کیسز نو لاکھ سے متجاوز، مزید 74 ہلاکتیں
پاکستان میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد نو لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مہلک وائرس سے اب تک 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3084 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 4.96 فی صد رہی۔
پنجاب میں کرونا کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے تاہم سندھ اور بلوچستان میں مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اسپین کا جون سے سیاحت بحال کرنے کا اعلان
یورپ میں سیاحت کے لیے اہم ملک اسپین نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال سات جون سے دنیا کے کسی بھی ملک سے ایسے سیاح اسپین آ سکیں گے جنہوں نے کرونا ویکسین لگوا لی ہو گی۔
دنیا بھر میں سیاحت کے لیے آنے والے مسافروں کے اعتبار سے دوسرے نمبر کے ملک اسپین میں پچھلے سال وبا کے سبب آنے والے سیاحوں میں 80 فی صد کمی ہوئی تھی جس کے باعث اس کے ساحل سمندر، محل اور ہوٹلز سنسان ہو گئے تھے۔
اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز کا جمعے کو بین الاقوامی سیاحتی فیئر سے خطاب میں کہنا تھا کہ ویکسین لگوا کر اسپین آنے والوں کو ان کے ملک اور خطے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اینٹری دی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسپین یورپ میں وبا سے شدید متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے۔ جہاں 36 لاکھ کرونا کیسز اور 78 ہزار سے زائد اموات رپورٹ کی گئیں۔
جرمنی: برطانیہ سے آنے والوں کے لیے دو ہفتوں کا قطرنطینہ لازمی قرار
جرمنی کے صحتِ عامہ کے ادارے نے برطانیہ اور شمالی آئر لینڈ کو کرونا کی نئی قسم سے متاثرہ خطے قرار دیتے ہوئے یہاں سے آنے والے مسافروں کے لیے جرمنی پہنچنے پر دو ہفتوں کا قرنطینہ لازمی قرار دے دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں بھارتی وائرس کی قسم کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر یہ پابندی لگائی گئی ہے۔
جرمن حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ویکسین لگائے جانے کے عمل کے دوران جس حد تک ہو سکے،کرونا کی نئی اقسام سے بچنا چاہیے۔
اتوار سے لاگو ہونے والی یہ پابندی ان مسافروں پر بھی لاگو ہو گی جو مکمل ویکسین لگوا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ دو ہفتوں کی قرنطینہ کرنے کی پابندی کا اطلاق ان مسافروں پر بھی ہو گا جو کرونا وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق یہ برطانیہ کے لیے مشکل فیصلہ ہے تاہم ان کے بقول اس فیصلے کا مقصد جرمنی کو تیزی سے پھیلتے ہوئے بھارتی وائرس سے محفوظ کرنا ہے۔
کراچی میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 14 فی صد
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 14 فی صد تک بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے اگلے دو ہفتے بہت اہم ہیں۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لوگ ماسک پہنیں، سماجی دوری رکھیں اور ویکسین لگوائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی حکومت نہیں چاہتی کہ سختیاں اور بندشیں ہوں۔
ان کے بقول سندھ حکومت عوام کے بہترین مفاد میں سخت فیصلے کرتی ہے اور کرونا کیسز بڑھنے پر سختی کرنا پڑتی ہے۔