رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

12:41 24.5.2021

بھارت میں کرونا سے ہلاکتیں تین لاکھ سے متجاوز

بھارت میں مزید چار ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
بھارت میں مزید چار ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

بھارت میں کرونا وائرس سے مزید چار ہزار 454 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں وبا سے اموات کی مجموعی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

بھارت اس وقت کرونا وائرس کی دوسری لہر کی لپیٹ میں ہے اور اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں 50 ہزار اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

بھارت میں اموات کی یہ تعداد امریکہ اور برازیل کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پیر کو ملک میں دو لاکھ 22 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارت میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد دو کروڑ 67 لاکھ 52 ہزار 447 ہے جب کہ اب تک تین لاکھ تین ہزار 720 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

12:11 24.5.2021

سندھ میں رات 8 بجے کے بعد شہریوں کو غیر ضروری گھومنے سے روکنے کا فیصلہ

پاکستان کے صوبے سندھ میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث شہریوں کو رات 8 بجے کے بعد غیر ضروری گھومنے سے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سندھ کے وزیرِاعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں وبا کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیرِاعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک کے مجموعی کیسز میں سے 50 فی صد سندھ میں ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ ہاؤس سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ منگل سے رات آٹھ بجے کے بعد لوگوں کو شہر میں غیرضروری گھومنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ لوگوں کو غیرضروری گاڑیوں میں گھومنے سے روکیں۔ اگر کسی کو اسپتال یا ضروری کام سے جانا ہو تو اسے اجازت دی جائے۔

اجلاس میں پارکس کی لائٹس مغرب کے بعد بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ نئی پابندیوں کے تحت کاروبار کے اوقات کار صبح پانچ سے شام چھ بجے تک ہوں گے۔ البتہ بیکری اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی۔

اس کے علاوہ جمعہ اور اتوار کو کاروبار مکمل طور پر بند رہے گا۔

13:50 23.5.2021

امریکہ: مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل کمی

امریکہ میں کرونا وائرس کیسز میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتے کو ملک بھر میں جون 2020 کے بعد سب سے کم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

امریکہ میں ایک ہفتے کے دوران اوسطً یومیہ کیسز کی شرح 30 ہزار سے بھی کم ہو گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھرپور ویکسی نیشن مہم کی وجہ سے ایسا ممکن ہوا ہے۔ امریکہ میں اس سے قبل جون 2020 میں اتنے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آئی تھی اور یومیہ اموات بھی بڑھ گئی تھیں۔

امریکہ میں یومیہ اموات کی شرح میں خاطر خواہ کمی آئی ہے جس کے بعد ماہرین معمول کی زندگی کی مکمل بحالی کے لیے پرامید ہیں۔

13:19 23.5.2021

نئی دہلی میں مزید ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن


دہلی کے وزیرِ اعلٰی اروند کیجری وال نے کرونا کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر نئی دہلی میں مزید ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔

نئی دہلی میں کرونا وائرس بے قابو ہونے کے بعد گزشتہ ماہ سے نئی دہلی میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس میں اب 31 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔

اروند کیجری وال کا کہنا تھا کہ نئی دہلی کے عوام نے ایک خاندان کی طرح مل کر اس وائرس کا مقابلہ کیا جس کی وجہ سے دوسری لہر اب کمزور پڑ رہی ہے۔ لیکن اب بھی ہمیں احتیاط کی ضرورت ہے۔

کیجری وال کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ روزانہ 28 ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے تھے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 35 فی صد تھی۔ تاہم اب یومیہ اوسطً 1600 کیسز رپورٹ ہور ہے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG