آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن کا اعلان
آسٹریلیا کی دوسری سب سے گنجان آباد ریاست وکٹوریا میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق لاک ڈاؤن کا آغاز جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 59 منٹ سے ہو گا اور یہ تین جون تک جاری رہے گا۔
لاک ڈاؤن میں لوگوں کو صرف ضروری کام، علاج معالجے، اشیائے خورونوش کی خریداری، ایکسرسائز یا کرونا ویکسی نیشن کے لیے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہو گی۔
ریاست وکٹوریا کے قائم مقام پریمیئر جیمس مرلینو نے میلبورن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ 'ہم وائرس کی انتہائی متعدی صورتِ حال سے نمٹ رہے ہیں، یہ تشویش ناک قسم ہے جو پہلے کے مقابلے زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔'
امریکہ کو انوکھا چیلنج درپیش، نوکریاں ہیں مگر ملازم نہیں
امریکہ کو ان دنوں ایک انوکھے چیلنج کا سامنا ہے۔ وہاں نوکریاں زیادہ ہیں مگر ملازمت کرنے والوں کی کمی ہے۔ ملازمین کو نوکری پر رکھنے کے لیے لوگ مفت کھانا اور زیادہ پیسوں کی اضافی مراعات بھی دے رہے ہیں۔ مگر اس کے باوجود نوکری کرنے والوں کی کمی ہے۔ ایسا کیوں ہے؟ کیا امریکہ میں سب امیر ہو گئے ہیں؟ جانیے آفتاب بوڑکا کے وی لاگ میں۔
کرونا بحران: بھارتی امریکیوں کی آبائی وطن امداد پہنچانے کی کوشش
اگرچہ بھارت میں کرونا کے نئے کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے، لیکن اموات میں خاطر خواہ کمی نہیں ہوئی۔ بھارت میں یومیہ ساڑھے تین ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہو رہی ہیں۔ آؤنشومن اپٹے بتا رہے ہیں کہ امریکہ میں مقیم بھارتی کیسے اپنے آبائی وطن تک امداد پہنچانے کے لیے مستقل کوششیں کر رہے ہیں۔
پاکستان: کرونا ویکسی نیشن مہم میں تیزی، کئی شہری ویکسین لگوانے سے گریزاں کیوں؟
پاکستان کی حکومت نے 19 برس یا اس سے زائد افراد کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز جمعرات سے کیا جا رہا ہے۔ تاہم، ایک سروے کے مطابق، پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد تاحال ویکسین لگانے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کی وبا پر مکمل قابو پانے کے لیے تمام آبادی کو ویکسین لگانے پر آمادہ کرنا ناگزیر ہے۔
بدھ کو ایک ٹوئٹ میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے بتایا تھا کہ حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی ویکسین ہر شہری کے لیے دستیاب ہے۔
ویکسین لگوانے کے لیے شہریوں کو شناختی کارڈ نمبر 1166 پر پیغام بھیج کر رجسٹریشن کرانا ہوگی، جس کے بعد رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کا جوابی پیغام موصول ہو گا۔
اس سے قبل حکومت نے رواں ماہ کے وسط سے 30 برس سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے ویکسین کی رجسٹریشن کا آغاز کیا تھا۔