رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

19:34 29.5.2021

بھارت میں بلیک فنگس سے 300 افراد ہلاک، 12 ہزار متاثر

بھارت میں بلیک فنگس کے سبب 300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اب تک 12 ہزار سے زائد افراد بلیک فنگس سے متاثر ہوئے ہیں۔

دارالحکومت نئی دہلی کے ایک سرجن کے مطابق بلیک فنگس سے وہ افراد متاثر ہو سکتے ہیں جنہیں کرونا سے متاثر ہونے پر آکسیجن لگائی گئی ہو۔

مہلک فنگس جسم میں تیزی سے پھیلتا ہے اور ناک، آنکھوں، جبڑے اور دماغ پر حملہ کرتا ہے جس کے سبب سرجری کرنا پڑتی ہے اور متاثرہ مریض معذور ہو جاتا ہے۔

بلیک فنگس کا علاج ‘ایمفوٹیرسین بی’ نامی انجیکشن سے کیا جا سکتا ہے تاہم کیسز میں اضافے کے سبب بھارت میں اس انجیکشن کی شدید قلت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا کے مریضوں کو خاصی تعداد میں اسٹرائیڈ دینے کی وجہ سے قوت مدافعت کم ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے بلیک فنگس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

19:29 29.5.2021

ویت نام میں بھارتی اور برطانوی ویرینٹس کے مجموعے کی تشخیص

ویت نام کے حکام نے کرونا وائرس کے ایک ایسے ویرینٹ (قسم) کی تشخیص کی ہے جو کہ بھارتی اور برطانوی ویرینٹ کا مجموعہ قرار دیا جا رہا ہے اور ہوا کے ذریعے زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔

وزیرِ صحت نگیون تھان لانگ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ نیا ویرینٹ بہت زیادہ خطرناک ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق وزیرِ صحت سامنے آنے والے نئے ویرینٹ کا نام اور تفصیلات جلد فراہم کریں گے۔

ویت نام میں رواں سال کرونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اب تک چھ ہزار 713 کیسز رپورٹ جب کہ 47 اموات ہو چکی ہیں۔

عالمی ادارہٴ صحت نے کرونا وائرس کے چار ویرینٹس کی تشخیص کی ہے جن میں برطانوی، برازیلی، جنوب افریقی اور بھارتی اقسام شامل ہیں۔

19:24 29.5.2021

بھارت میں 45 دن میں ہفتے کو کم ترین یومیہ کیسز رپورٹ

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک لاکھ 73 ہزار 790 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ جو کہ گزشتہ 45 دنوں کے دوران رپورٹ کیے جانے والے یومیہ کیسز میں سب سے کم تعداد ہے۔

وزارتِ صحت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کو وبا کے سبب مزید تین ہزار 617 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تین لاکھ 22 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں اب تک دو کروڑ 77 لاکھ افراد میں وبا کی تشخیص ہو چکی ہے۔

19:19 29.5.2021

آسٹریلیا: ریاست وکٹوریا میں لاک ڈاؤن کے باوجود کیسز رپورٹ

آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں لاک ڈاؤن کے باوجود ہفتے کو کرونا وائرس کے پانچ مقامی منتقلی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔ جب کہ ایسے مقامات جن کا متاثرہ افراد نے دورہ کیا تھا، ان کی تعداد 150 سے زائد ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

ویکسی نیشن سینٹرز میں ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں اضافے کے سبب لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور تکنیکی مسائل کا سامنا ہے۔

ریاست وکٹوریا میں رواں ہفتے جمعرات کو ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔ جو کہ کرونا وبا کے پیش نظر ریاست میں لگائے جانے والا چوتھا لاک ڈاؤن تھا۔

خیال رہے کہ وکٹوریا میں وبا اس مسافر کی وجہ سے پھیلی جس نے کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر ہوٹل میں قائم قرنطینہ چھوڑ دیا تھا۔ تاہم بعد ازاں اس کا میلبرن میں کیے جانے والا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG