ویتنام میں کرونا وائرس کی نئی قسم کا انکشاف
ویتنام کے سائنس دانوں نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی ایک نئی قسم دریافت ہوئی ہے جو بھارت اور جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کے نئے ویرینٹس کا مجموعہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس کے آغاز پر چین میں سامنے آنے والا کرونا وائرس اب تک کئی شکلیں بدل چکا ہے اور اس کی مختلف اقسام سامنے آ چکی ہیں۔ البتہ، سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کی بیشتر ویکسینز وائرس کی نئی اقسام کے خلاف بھی مؤثر ہیں۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کرونا کی یہ نئی قسم بہت تیزی سے پھیلتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ لگتا ہے کہ ویتنام میں وائرس کا حالیہ پھیلاؤ، وائرس کی اس نئی قسم کی وجہ سے ہوا ہے۔
گزشتہ ہفتے ویتنام میں وائرس کے 3500 سے زائد نئے کیس جب کہ 12 اموات رپورٹ ہوئی تھیں۔
وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ویتنام کے کئی حصوں میں پابندیاں لگائی گئی ہیں۔
روس میں مارچ کے بعد ریکارڈ یومیہ کیسز
روس میں مارچ کے بعد یومیہ کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اتوار کو روس میں کرونا کے مزید 9694 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 50 لاکھ 63 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
روس میں مزید 355 افراد اس مہلک وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد افراد اب تک اس مہلک وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایک ہی روز میں پاکستان میں تین لاکھ 83 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی: اسد عمر
پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہفتے کو ریکارڈ تین لاکھ 83 ہزار افراد کی کرونا ویکسی نیشن کی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ 16 لاکھ سے زائد افراد اب تک کرونا ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔
اسد عمر کے بقول اب تک مجموعی طور پر کرونا سے بچاؤ کی 70 لاکھ سے زائد خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
پاکستان کو 'سائنوویک' ویکسین کی مزید پانچ لاکھ خوراکیں موصول
پاکستان میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم جاری ہے جب کہ اتوار کو چین کی 'سائنوویک' ویکسین کی مزید پانچ لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
پاکستان کی قومی ایئر لائن 'پی آئی اے' کا طیارہ ویکسین کی خوراکیں لے کر اسلام آباد پہنچا۔
گزشتہ ہفتے بھی پی آئی اے کے ذریعے سائنوویک' ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچائی گئی تھیں۔
حکام کے مطابق پاکستان کو اب تک مجموعی طور پر کرونا ویکسین کی ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں موصول ہو چکی ہیں۔