بھارت میں کرونا کے ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد نئے مریض
بھارت میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران کیسز اور اموات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 52 ہزار 734 تھی۔
پیر کو سامنے آئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید تین ہزار 128 کرونا مریض ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز دو کروڑ 80 لاکھ 47 ہزار 534 ہیں جب کہ اموات تین لاکھ 29 ہزار ایک سو تک پہنچ گئی ہیں۔
پاکستان میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 4 فی صد تک آگئی
پاکستان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح کچھ حد تک کم ہو رہی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید دو ہزار 117 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار 223 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں مثبت کیسز کی شرح چار اعشاریہ 05 فی صد رہی۔
ملک میں کرونا وبا سے مزید 43 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 20 ہزار 779 ہوگئی ہے۔
پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد نو لاکھ 21 ہزار 53 ہے جس میں سے آٹھ لاکھ 41 ہزار 241 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان: تین صوبوں کے تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل بحال
پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتِ حال قدرِ بہتر ہونے پر دو صوبوں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دسویں اور بارہویں جب کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے کالجز میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔
پنجاب کے وزیرِ تعلیم مراد راس نے اتوار کو ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں 31 مئی سے دسویں اور بارہویں جماعت کے لیے کلاسز شروع ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایک دن 50 فی صد طلبہ کو بلانے کی اجازت ہو گی جب کہ اگلے دن دوسرے 50 فی صد طلبہ آئیں گے۔
خیبرپختونخوا کے وزیرِ تعلیم شہرام تراکئی نے اتوار کو اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ 31 مئی سے پورے صوبے میں دسویں اور بارہویں جماعت کے لیے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔
ان کے بقول، اسکول کھولنے کا مقصد ان کلاسز کے لیے امتحانات کی تیاری ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے اتوار کو ایک ٹوئٹ میں ایک نوٹیفکیشن شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کوئٹہ میں 31 مئی سے تمام کالجز کھل جائیں گے۔
نئی دہلی میں لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتے کی توسیع
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔ دہلی میں مزید سات جون تک لاک ڈاؤن رہے گا۔
کرونا کیسز میں کمی کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی بھی کی گئی ہے۔ تعمیراتی اور مینوفکچرنگ شعبے کو 31 مئی سے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
تیس سے زائد افراد شادی کی تقریبات میں شرکت نہیں کر سکیں گے جب کہ بارز، ریستوران اور دہلی میں میٹرو سروسز بھی سات جون تک بند رہیں گی۔