بھارت میں کرونا کیسز میں کمی
بھارت میں کرونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز اور اموات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید ایک لاکھ 27 ہزار 510 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک میں کرونا وائرس سے مزید دو ہزار 795 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان میں ایک ہزار 771 نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ایک ہزار 771 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے مزید 71 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پیر کو 47 ہزار 633 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس میں مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ سات ایک فی صد رہی۔
پاکستان میں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد نو لاکھ 22 ہزار 824 ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی اموات کی کُل تعداد 20 ہزار 850 ہو گئی ہے۔
بھارتی کشمیر میں ایک ماہ سے نافذ کرفیو جزوی طور پر ہٹا لیا گیا
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک ماہ سے نافذ 'کرونا کرفیو' کو جزوی طور پر ہٹا لیا گیا ہے۔
پیر کو تمام 20 اضلاع میں دکانیں اور دوسرے کاروباری ادارے متبادل دن کاروبار کرنے کے اصول کی بنیاد پر کھول دیے گئے۔
پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی 50 فی صد صلاحیت کی شرط پر چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم تعلیمی ادارے فی الحال بند ہی رہیں گے اور کئی غیر لازمی سروسز پر بھی عائد پابندیاں یا تو جاری رہیں گی یا پھر ان میں معمولی نرمی کی گئی ہے۔
البتہ پورے جموں و کشمیر میں تا حکمِ ثانی ہفتے کے آخری دنوں میں یعنی جمعے کی شام سے پیر کی صبح تک 'کرونا کرفیو' نافذ رہے گا۔ رات کے کرفیو میں بھی کسی نرمی کا اعلان نہیں کیا گیا۔
کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر شیخ عاشق نے وائس آف امریکہ کو بتایا "موجودہ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں صرف وادیٔ کشمیر کی معیشت کو کم سے کم سات ہزار کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے۔"
اُن کے بقول پانچ اگست 2019 کو کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم ہونے کے بعد سے لے کر اب تک مجموعی طور پر 40 ہزار کروڑ روپے کا معاشی نقصان ہو چکا ہے۔
عہدیداروں کے مطابق بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں پیر تک کل 3884 افراد کرونا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ مثبت کیسز دو لاکھ 90 ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔
پاکستان: تین جون سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز ہو گا
پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی اور کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سرگرم ادارہ نیشل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تین جون سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز کیا جائے گا۔
اسد عمر کا پیر کو ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہنا تھا کہ شہری کرونا ویکسی نیشن کے حصول کے لیے جلد از جلد رجسٹریشن کرائیں۔