رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

18:20 2.6.2021

علما ویکسین کی افادیت سے عوام کو آگاہ کریں، صدر عارف علوی


پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ علما کرام نے کرونا ویکسین کے اجزائے ترکیبی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور وہ لوگوں کو اس کے محفوظ ہونے سے متعلق آگاہی بھی دیں گے۔

بدھ کو ملک بھر سے بذریعہ ویڈیو لنک علما اور مشائخ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ویکسین لگوانے پر عوام الناس کو ترغیب دلانے کے لیے علما و مشائخ مساجد، امام بارگاہوں، خانقاہوں اور مدارس سے مؤثر اور مثبت آواز بلند کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں آئندہ جمعے یعنی چار جون کو علما کرام مساجد عوام کو ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کریں گے جب کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

18:10 2.6.2021

اس برس امتحانات ضرور ہوں گے، وزیرِ تعلیم شفقت محمود

پاکستان کے وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ رواں برس ہر صورت امتحانات لیے جائیں گے کیوں کہ امتحانات کے بغیر اگلی کلاسز میں پروموٹ کرنا طلبہ کے لیے فائدہ مند نہیں ہے۔

بدھ کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات جولائی میں لیے جائیں گے جب کہ ستمبر میں رزلٹ جاری کر دیا جائے گا۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ نویں اور دسویں جماعت کے لیے ریاضی اور اختیاری مضامین کے امتحانات لیے جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دسویں اور بارہویں کے امتحانات پہلے جب کہ نویں اور گیارہویں کے امتحانات بعد میں لیے جائیں گے۔

وزیرِ تعلیم کا کہنا تھا کہ او لیولز کے بچوں کے لیے خصوصی امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے۔

10:28 2.6.2021

بھارت میں کرونا کیسز میں بدستور کمی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد میں بدستور کمی واقع ہو رہی ہے۔ تاہم، اموات کی یومیہ تعداد اب تک 3000 سے زیادہ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 32 ہزار 788 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ وبا کے شکار مزید 3207 مریض دم توڑ گئے ہیں۔

وزارتِ صحت کے مطابق، بھارت میں اب تک دو کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا سے اب تک تین لاکھ 35 ہزار 102 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

10:00 2.6.2021

امریکہ کرونا وائرس کے ماخذ کی تلاش کے معاملے پر سیاست کر رہا ہے: چین

فائل فوٹو
فائل فوٹو

چین نے کرونا وائرس کی ابتدا سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ امریکہ اس معاملے پر سیاست کر رہا ہے۔

اس سے قبل امریکہ نے کہا تھا کہ وہ کرونا وائرس کی شروعات سے متعلق اپنی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی باریک بینی سے کی جانے والی تحقیق کے نتائج عوام کے سامنے پیش کرے گا۔

چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے تواتر کے ساتھ اس طرح کے سوالات اٹھائے جانے کا مقصد صرف اپنے ملک میں وبا پر قابو پانے میں ناکامی سے توجہ ہٹانا اور چین پر دباؤ ڈالنے کے لیے اس پر الزام لگانا ہے۔

وانگ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سیاست سے امریکہ اور اس کے عوام کو نقصان پہنچے گا اور وبا کے ماخذ کو تلاش کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی ہوں گی، جس کا نتیجہ صرف ناکامی کی صورت میں نکلے گا۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG