بھارت میں دو ہزار 887 اموات
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات کی یومیہ تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 887 مریض انتقال کر گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 34 ہزار 154 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو لاکھ 11 ہزار 499 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
پاکستان میں مزید 2028 نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے دو ہزار 28 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وبا کے شکار مزید 92 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 51 ہزار 523 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ نو تین فی صد رہی۔
پاکستان: آج سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز
پاکستان میں آج سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز ہو گا۔
ملک میں 18 سال سے زائد عمر کے شہری اب ویکسی نیشن سینٹر سے ٹیکہ لگوا سکتے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں اب تک 37 لاکھ 46 ہزار 786 افراد کو کرونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک جب کہ 21 لاکھ 74 ہزار 169 افراد کو ویکسین کی دو خوراکیں فراہم کی جا چکی ہیں۔
'کرونا پابندیوں سے پولیو کیسز میں بھی نمایاں کمی آئی'
پاکستان میں انسدادِ پولیو پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ کرونا کے باعث لگائے جانے والے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں کی وجہ سے ملک میں پولیو کیسز میں بھی نمایاں طور پر کمی آئی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اب بھی دو فی صد بچوں کے والدین پولیو کے قطرے پلوانے سے انکاری ہیں۔