پاکستان میں 23 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے
پاکستان میں کرونا وائرس سے تحفظ کی ویکسین 23 لاکھ سے زائد افراد کو لگائی جا چکی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 40 ہزار افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہوئی ہے جس کے بعد مکمل ویکسین لینے والے افراد کی تعداد 23 لاکھ 10 ہزار 115 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق 40 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین کی پہلی خوارک لگائی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک حکومت نے 82 لاکھ 63 ہزار ویکسین فراہم کی ہے۔
پاکستان: حکومت اور طلبہ کے درمیان امتحانات کا مسئلہ ہے کیا؟
پاکستان میں حکومت طلبہ کے فیزیکل امتحانات پر اصرار کر رہی ہے، جب کہ طلبہ کا کہنا ہے کہ جب پڑھائی آن لائن ہوئی ہے تو امتحان بھی آن لائن لیے جائیں۔ حکومت اور طلبہ کی اس بحث میں ماہرینِ تعلیم کی کیا رائے ہے؟ جانتے ہیں پنجاب یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سے منسلک ڈاکٹر عرونہ ہاشمی سے۔
پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں کمی
پاکستان میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں کمی آئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 50 ہزار 393 ٹیسٹ کیے گئے۔ یوں اب تک کیے جانے والے مجموعی ٹیسٹ ایک کروڑ 34 لاکھ 71 ہزار سے تجاوز کر گئے ہیں۔
گزشتہ روز کیے گئے ٹیسٹس میں سے صرف 1923 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ یوں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 3.81 فی صد رہی۔
کرونا کیسز کے باعث 'مشن امپوسیبل 7' کی شوٹنگ روک دی گئی
برطانیہ میں جاری 'مشن امپوسیبل 7' کی شوٹنگ میں شریک بعض افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد فلم کی شوٹنگ ایک مرتبہ پھر روک دی گئی ہے۔
پیراماؤنٹ پکچرز نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد فلم کی شوٹنگ دو ہفتوں کے لیے روکی گئی ہے۔
فلم بنانے والے اسٹوڈیو نے یہ نہیں بتایا کہ کرونا وائرس سے کون متاثر ہوا ہے اور کتنے افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
پیراماؤنٹ نے ایک بیان میں اتنا بتایا ہے کہ فلم کی شوٹنگ 14 جون تک عارضی طور پر روک دی گئی ہے اور وہ صورتِ حال کا جائزہ لیں گے۔