فرانس: اورنج درجے میں شامل ممالک کے مسافروں کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار
فرانس نے اعلان کیا ہے کہ ایسے ممالک جہاں کرونا وبا اورینج درجے پر ہے جیسے برطانیہ اور امریکہ ان ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے فرانس آمد سے قبل کرونا ویکسین لگوانا لازمی ہو گا۔ انہیں حال ہی میں کیے گئے کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی پیش کرنی ہو گی۔
فرانس کے یورپین افیئرز کے وزیر سلیمنٹ بیونی کا جمعے کو کہنا تھا کہ نئے قواعد جن کا اطلاق رواں ماہ 9 جون سے ہو گا، اورینج درجے میں شامل ممالک سے فرانس آنے والے ایسے مسافر جنہیں کرونا ویکسین نہیں لگی ہو گی انہیں فرانس آنے کی ٹھوس وجوہات بتانی ہوں گی جیسے قانونی کیس یا بچوں کی دیکھ بھال وغیرہ۔
وبا سے متاثرہ اورینج درجے میں وہ ممالک شامل ہیں جہاں وبا کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے یا کرونا وائرس کی نئی اقسام سامنے آ رہی ہیں۔
فرانس آنے والے ان ممالک کے مسافروں کے لیے، جو گرین درجے میں شامل ہیں، کے لیے قدرے آسان قواعد ہوں گے جن میں یورپی یونین میں شامل دیگر ممالک کے علاوہ آسٹریلیا، جنوبی کوریا، اسرائیل، جاپان، لبنان، نیوزی لینڈ اور سنگاپور شامل ہیں۔
پوٹن کا روس آنے والے غیر ملکیوں کو مفت روسی ویکسین لگانے کا عندیہ
روسی صدر ولاد یمیر پوٹن کا کہنا ہے کہ ماسکو اپنی تیار کردہ ویکسین کی بین الاقوامی سطح پر رونمائی کے لیے روس آنے والے غیر ملکیوں کو مفت میں ویکسین لگانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
صدر نے بین الاقوامی اکنامک فورم سے خطاب میں کہا کہ بہت سے لوگ بیرونِ ملک سے ویکسین لگوانے روس آ رہے ہیں۔
پوٹن کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی حکومت سے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ کے آخر تک اس پر کام مکمل کریں تا کہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کو مفت میں ویکسین لگائی جا سکے۔
روس کی تیار کردہ ’اسپوتنک فائیو‘ ویکسین کو 66 ممالک میں استعمال کی منظوری مل چکی ہے جب کہ عالمی ادارہٴ صحت اور یورپین میڈیسن ایجنسی میں اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں وبا سے متاثرہ 51 ہزار افراد زیرِ علاج
پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار آٹھ سو 93 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرہ افراد سمیت 51 ہزار 478 افراد زیرِ علاج ہیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں اب تک وبا سے نو لاکھ 30 ہزار 511 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے آٹھ لاکھ 60 ہزار 385 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جب کہ 21 ہزار 189 کی موت واقع ہوئی ہے۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 84 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 84 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 21 ہزار 189 ہو گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں تین ہزار چار سو 52 افراد انتہائی نگہداشت میں زیرِ علاج ہیں۔