پنجاب میں سات جون سے اسکول کھولنے کی تیاریاں
پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کرونا کیسز میں مسلسل کمی کے بعد پیر سے تمام کلاسز کے لیے اسکول کھل رہے ہیں۔
حکام کے مطابق روٹیشن پالیسی کے تحت ایک جماعت کے نصف طلبہ مختلف دنوں میں اسکول آئیں گے جب کہ پہلے سے وضع کیے گئے ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
دوسری جانب سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ میں تاحال اسکول کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
اُن کا کہنا تھا کہ چند روز میں ایک اعلٰی سطحی اجلاس میں صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد اسکول کھولنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کئی روز سے کرونا کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کرونا مثبت کیسز کی شرح تین فی صد سے بھی کم ہو گئی ہے۔
افغانستان کو ویکسین کی فراہمی میں تاخیر
افغانستان میں حکام کو مطلع کیا گیا ہے کہ عالمی ادارہٴ صحت کی طرف سے اپریل میں فراہم کی جانے والی کرونا ویکسین کی کھیپ رواں سال اگست سے پہلے فراہم نہیں کی جا سکتی۔
افغان وزارتِ صحت کے ترجمان غلام دستگیر نظاری کا کہنا ہے کہ انہوں نے مختلف سفارت خانوں سے مدد کے لیے رابطہ کیا تاہم انہیں کرونا ویکسین نہیں ملی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کرونا بحران کے درمیان میں پھنس گئے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق افغانستان میں اب تک 76 ہزار سے زائد افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ تین ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
بھارت کی بعض ریاستوں میں پابندیوں میں نرمی
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی رپورٹ کیے جانے کے بعد کچھ ریاستیں پابندیوں میں نرمی کر رہی ہیں۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک لاکھ 20 ہزار 529 کیسز رپورٹ کیے گئے جو کہ لگ بھگ دو ماہ کے دوران رپورٹ کیے جانے والے یومیہ کیسز کی کم ترین تعداد ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کو بھارت میں وبا کے سبب تین ہزار 380 اموات ہوئیں جس کے بعد اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 44 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت میں اب تک دو کروڑ 86 لاکھ سے زائد افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
ہنگری میں 53 فی صد آبادی کی ویکسی نیشن، شادی کی تقاریب پر عائد پابند ختم
یورپ کے ملک ہنگری میں کرونا وائرس کے پیشِ نظر شادی کی تقاریب منعقد کرنے پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے اور اس موسم گرما میں جوڑے اپنی شادی کی تقریبات منعقد کر سکیں گے۔
ہنگری میں 53 فی صد آبادی کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے جس کے بعد شادی کی تقریبات پر عائد پابندی ہٹائی گئی ہے۔
شادی کی تقاریب منعقد کرنے والے گیبر ہرنڈی، جو کہ سالانہ 30 سے 35 تقریبات منعقد کراتے ہیں، کا کہنا ہے کہ 2020 میں 70 فی صد شادیاں ملتوی ہوئیں۔