رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:40 6.6.2021

نئی دہلی اور ممبئی میں کرونا پابندیوں میں نرمی

بھارت میں کرونا کیسز میں کمی کے بعد دارالحکومت نئی دہلی اور ممبئی میں کرونا پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے۔

پیر سے نئی دہلی میں دکانیں اور شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جب کہ دہلی میٹرو سروسز بھی 50 فی صد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

دہلی کے وزیرِ اعلی اروند کیجری وال نے ہفتے کو بتایا کہ کئی ہفتوں سے جاری کرونا پابندیاں اب بتدریج کم کی جا رہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ دہلی میں کرونا کیسز میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ لہذٰا معیشت کا پہیہ چلانے کے لیے پابندیاں نرم کرنا ناگزیر ہے۔

ادھر ریاست مہاراشٹرا میں بھی فائیو لیول پلان کے تحت پابندیاں نرم کرنے کے لیے حکمتِ عملی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

14:44 6.6.2021


چین میں ایک دن کے اندر کرونا کے 30نئے کیسز رپورٹ

چین کے جنوبی شہر گوانگ زو میں کرونا وائرس کے سات نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

گوانگ زو میں 21مئی کے بعد سے اب تک کرونا وائرس کے 80 نئے کیسز سامنے آچکے ہیں۔

اتوار کو چین کی ہیلتھ اتھارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ جون کو چین میں کرونا وائرس کے 30نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس سے ایک روز قبل 24کیسزرپورٹ ہوئے تھے۔

گوانگ زو میں متاثر ہونے والے افراد میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا۔ گزشتہ ہفتے سے شہر کے 11اضلاع میں بڑے پیمانے پر کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ بھی کی جارہی ہے۔

چین میں پانچ جون تک کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 91ہزار 248 بتائی جاتی ہے جب کہ ہلاکتوں کے اعداد و شمار میں کوئی تبدیلی نہیں اور ابھی تک کرونا سے ہونے والی اموات 4636ہیں۔

12:54 6.6.2021

بھارت میں دو ماہ بعد کرونا کے سب سے کم کیس رپورٹ

بھارت میں کرونا کی دوسری لہر کی شدت میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ اتوار کو بھارت میں دو ماہ بعد کرونا کے سب سے کم ایک لاکھ 14 ہزار کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 2667 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

بھارت میں اب تک کرونا کے دو کروڑ 88 لاکھ کیس جب کہ اس مہلک وبا سے تین لاکھ 46 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بھارت میں کرونا کے فعال کیسز 14 لاکھ 77 ہزار رہ گئے ہیں۔ بھارت میں مسلسل 10 روز سے کرونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح 10 فی صد سے کم ہے۔

12:46 6.6.2021

پاکستان میں کرونا سے مزید 76 ہلاکتیں، مثبت کیسز کی شرح میں کمی

پاکستان میں کرونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو کرونا کے مزید 1629 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مثبت کیسز کی شرح 3.10 فی صد رہ گئی ہے۔

پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک کرونا کے نو لاکھ 32 ہزار 140 مصدقہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ کرونا کی تشخیص کے لیے ایک کروڑ 52 لاکھ سے زائد کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان کے اسپتالوں میں انتہائی نگہداشت وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی تعداد 3303 رہ گئی ہے۔

پاکستان میں کرونا سے ہونے والی مجموعی اموات 21 ہزار 265 ہو گئی ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG