فائزر کا 12 برس سے کم عمر کے بچوں پر ویکسین کا تجربہ کرنے کا اعلان
امریکی کمپنی فائزر نے 12 برس سے کم عمر کے بچوں پر ویکسین کا تجربہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ویکسین کے تجربے کے لیے امریکہ کی کمپنی فائزر اپنی شراکت دار جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے ساتھ امریکہ، فِن لینڈ، پولینڈ اور اسپین میں90 سے زیادہ مقامات پر ساڑھے چار ہزار بچوں کو رضاکارانہ طور پر شامل کرے گی۔
اس تجربے کے دوران پانچ سے 11 برس عمر کے بچوں کو ویکسین کی 10 مائیکرو گرام کی دو خوراکیں دی جائیں گی جو نوجوانوں اور بالغ کو دی جانے والی خوراک کا ایک تہائی حصہ ہے۔
دوسری جانب چھ ماہ کی عمر کے بچوں پر بھی آئندہ چند ہفتوں میں ویکسین کا تجربہ کیا جائے گا اور اس دوران انہیں تین مائیکرو گرام کی خوراک دی جائے گی۔
واضح رہے کہ فائزر اور بائیو این ٹیک کی تیار کردہ مشترکہ ویکسین کو پہلے ہی امریکہ اور یورپ میں 12 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کو ہنگامی استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے۔
کرونا کی قسم 'ڈیلٹا' نوجوانوں کے لیے خطرہ قرار
امریکہ میں کرونا کیسز کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ لیکن وائٹ ہاؤس کی کووڈ-19 رسپانسن ٹیم نے منگل کو کرونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' کو بالخصوص نوجوانوں کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی کووڈ-19 ریسپانس ٹیم کی ورچوئل نیوز بریفنگ کے دوران امریکہ کے صحت عامہ کے نگراں ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کی ڈائریکٹر روشیل ولنسکی نے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے یومیہ کیسز کی اوسط تعداد میں 30 فی صد کمی ہوئی ہے۔
دوسری جانب وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا کہ کرونا وائرس کی مختلف اقسام خطرے کا باعث بنی ہوئی ہیں بالخصوص 'ڈیلٹا' قسم جس کی سب سے پہلے بھارت میں تشخیص ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' کی گرفت برطانیہ میں مضبوط ہوتی جا رہی ہے اور اس کے زیادہ تر کیسز نوجوانوں میں دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح تین فی صد سے کم ہو گئی
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے ایک ہزار 118 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد نو لاکھ 36 ہزار 131 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 43 ہزار 900 ٹیسٹ کیے گئے اور کرونا کے مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ پانچ چار ریکارڈ کی گئی۔
ملک میں کرونا سے مزید 77 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 453 ہو گئی ہے۔
بھارت میں مسلسل دوسرے روز ایک لاکھ سے کم کیسز رپورٹ
بھارت میں مسلسل دوسرے روز کرونا کے ایک لاکھ سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 92 ہزار 596 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
بھارت میں آٹھ جون کو کرونا کے 86 ہزار 498 نئے کیسز سامنے آئے تھے جو گزشتہ 63 روز کے دوران سب سے کم یومیہ کیسز ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں مثبت کیسز کی شرح چار اعشاریہ چھ سات فی صد ریکارڈ کی گئی ہے۔
بھارت میں کرونا سے مزید دو ہزار 219 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔