بھارتی کشمیر میں ’کرونا کرفیو‘ میں نرمی
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے گزشتہ ایک ماہ سے نافذ 'کرونا کرفیو' میں نرمی کردی گئی ہے۔ کرفیو میں کی جانے والی نرمی کے بعد جموں و کشمیر کے 20 اضلاع میں دکانیں اور مخصوص کاروباری ادارے متبادل دن کاروبار کرنے کے اصول کی بنیاد پر کھول دیے گئے ہیں۔
ایپل کمپنی کو دفاتر کھولنے پر ملازمین کی مزاحمت کا سامنا
عالمی وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں متعدد کمپنیوں کی جانب سے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور اب ویکسی نیشن کے عمل کے بعد مختلف ممالک میں وبا کی صورت حال قابو میں ہے اور اس سلسلے میں پابندیوں میں نرمی بھی کی جا رہی ہے۔
وبا کے دوران طویل عرصے گھر سے کام کرنے کے بعد اب کمپنیوں کی جانب سے ملازمین کو دوبارہ آفس بلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کو گھر سے کام کرنے کے بعد اب دفاتر میں کام کرنے کے حوالے سے ملازمین کی مزاحمت کا سامنا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ 'دی ورج' کے مطابق کرونا وبا کے پیشِ نظر نافذ پابندیوں میں نرمی کے بعد آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کو بھی دیگر کمپنیوں کی طرح آفس دوبارہ کھولنے پر دشواری کا سامنا ہے۔
کمپنی نے رواں برس ستمبر سے ملازمین کو ہفتے میں تین روز آفس آنے کی ہدایت کی ہے۔
لیکن کمپنی کے تقریباً 80 ملازمین نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں گزشتہ ایک برس سے زائد عرصے سے گھر سے کام کرنے والے ملازمین نے کمپنی سے مزید نرمی کرنے کی درخواست کی ہے۔
کیا پاکستان کے بے وطن شہری بھی کرونا ویکسین لگوا سکیں گے؟
پاکستان میں کئی لوگ شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین حاصل نہیں کر پا رہے۔ ان میں بنگلہ دیش، بہار، برما اور افغانستان سے ہجرت کرکے پاکستان منتقل ہونے والوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ ایسا ہی ایک خاندان انور حسین اور آمنہ انور کا ہے۔
پابندیوں میں نرمی، بالی وڈ فلموں کی شوٹنگ کا دوبارہ آغاز
عالمی وبا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک بھارت میں کرونا کے یومیہ کیسز میں بتدریج کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جس کے بعد اب متعدد ریاستوں میں نافذ پابندیوں میں نرمی کا سلسلہ جاری ہے۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھر میں جہاں دیگر سرگرمیاں متاثر ہوئی وہیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
بھارت میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر بالی وڈ کی متعدد فلموں کی شوٹنگ روک دی گئی تھی جن میں اداکار اکشے کمار کی فلم 'رام سیتو'، اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم 'گنگو بائی کاٹھیاواڑی'، اداکار کارتک آریان کی فلم 'بھول بھلیاں ٹو' سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔
اب کئی ہفتوں بعد بھارت کے دارالحکومت دہلی، فلمی دنیا کے مرکز ممبئیاور تامل ناڈو سمیت دیگر ریاستوں میں سات جون سے لاک ڈاؤن کے تحت نافذ پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔
بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اتوار کو ممبئی میں فلم اور ٹی وی کے لیے شوٹنگ کی اجازت دی تھی۔
ادھو ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ فلم اور ٹی وی کی شوٹنگ کے لیے پروڈیوسرز کو کرونا کی ایس او پیز پر عمل کرنے کو یقینی بنانا ہو گا۔