پاکستان میں کرونا سے مزید 34 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح ڈھائی فی صد ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 39 ہزار 214 ٹیسٹ کیے گئے جس میں ایک ہزار 19 میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ملک میں کرونا کی عالمی وبا سے مزید 34 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد نو لاکھ 42 ہزار 189 ہے جس میں سے آٹھ لاکھ 78 ہزار 740 صحت یاب ہوئے ہیں جب کہ ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 21 ہزار 723 ہے۔
امریکہ: 30 کروڑ 81 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگا دی گئی
امریکہ میں صحت عامہ کے نگراں ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (سی ڈی سی) کے مطابق امریکہ میں ہفتے کی صبح تک 30 کروڑ 81 لاکھ 12 ہزار 728 افراد کو کرونا ویکسین لگا دی گئی۔
سی ڈی سی کے مطابق اب تک کرونا کی 37 کروڑ 43 لاکھ 97 ہزار 205 خوراکیں ریاستوں کو تقسیم کی جا چکی ہیں۔
سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ ملک میں اب تک 17 کروڑ 33 لاکھ 91 ہزار 711 افراد کو کرونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک جب کہ 14 کروڑ 31 لاکھ 19 ہزار 77 افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے۔
سعودی عرب کی حج پالیسی، رواں برس 60 ہزار مقامی افراد ہی فریضہ ادا کر سکیں گے
سعودی عرب نے ہفتے کو اعلان کیا ہے کہ کروناوائرس کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے رواں برس صرف 60 ہزار مسلمانوں کو حج کی ادائیگی دی جائے گی جب کہ غیر ملکی زائرین حج نہیں کر سکیں گے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے ٹوئٹر پر وزارت حج اورعمرہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں برس سعودی شہری اور ملک میں مقیم 60 ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حج کرنے کے خواہش مند زائرین کی عمر 18 سے 65 برس کے درمیان ہونی چاہیے جب کہ انہیں کرونا ویکسی نیشن مکمل کرنا ضروری ہو گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حج کے لیے آنے والے زائرین کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی لا علاج مرض میں مبتلا نہ ہوں۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا اور نئی اقسام کے پیشِ نظر متعلقہ حکام عالمی سطح پر صحت کی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 59 اموات
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 59 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 368 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 239 افراد کے نتائج مثبت آئے۔
ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ چار صفر ریکارڈ کی گئی۔