رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

11:17 14.6.2021

سندھ میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کھولنے کا فیصلہ

سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ کرونا کی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے منگل سے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے لیے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ سندھ کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز منگل 15 جون سے پچاس فی صد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ کرونا کی صورتِ حال میں مزید بہتری کی صورت میں پرائمری کلاسز 21 جون سے شروع کردی جائیں گی۔

ان کے بقول، اسکولوں کے سارے عملے کو ویکسین لگوانا لازمی ہو گا۔

09:57 14.6.2021

بھارت میں کرونا کیسز میں کمی، اموات تین ہزار 900 سے زائد

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی آئی ہے البتہ اموات کی تعداد اب بھی چار ہزار کے قریب ریکارڈ کی گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیر کو بھارت میں کرونا وائرس کے 70 ہزار 421 نئے مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز دو کروڑ 95 لاکھ 10 ہزار 410 ہوگئے ہیں۔

بھارت میں کرونا وائرس سے مزید تین ہزار 921 مریض ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ ملک میں مجموعی ہلاکتیں تین لاکھ 74 ہزار 305 تک پہنچ گئی ہیں۔

ملک میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا ہے جہاں کرونا کیسز کی تعداد 59 لاکھ سے زائد ہے۔

09:51 14.6.2021

برطانیہ میں کرونا پابندیوں کے خاتمے میں تاخیر کا اعلان متوقع

فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانیہ میں کرونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد پیدا ہوتے تحفظات کے باعث کرونا وائرس کی عائد پابندیوں کے خاتمے میں تاخیر کا امکان ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق برطانوی وزیرِاعظم کی جانب سے پیر کو اس بات کا اعلان متوقع ہے کہ کووڈ 19 کی پابندیوں کے خاتمے میں تاخیر کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فروری میں بورس جانسن کی جانب سے پیش کردہ روڈ میپ کے تحت حکومت نے یہ اشارہ دیا تھا کہ کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائی گئی تمام سماجی پابندیاں 21 جون سے پہلے ہٹا لی جائیں گی اور پبز، کلبز اور دیگر اس طرح کے مقامات مکمل کھولے جاسکتے ہیں۔

البتہ حالیہ ہفتوں کے دوران برطانیہ میں بھارت میں سب سے پہلے تشخیص ہونے والی کرونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ صحت کے حکام کا ماننا ہے کہ یہ قسم گزشتہ قسم سے 60 فی صد زیادہ تیزی سے منتقل ہوتی ہے اور سائنس دانوں نے تیسری لہر سے خبردار بھی کیا ہے۔

بورس جانسن نے کہا کہ حالیہ دنوں میں انفیکشن اور اسپتال میں داخلوں کی تعداد میں اضافہ 'سنگین تشویش' کا باعث ہے۔

09:12 14.6.2021

نئی دہلی میں کرونا پابندیوں میں نرمی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد دارالحکومت نئی دہلی میں لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دہلی کے وزیرِاعلیٰ اروند کیجری وال نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دارالحکومت میں عبادت گاہیں پیر سے کھولنے کی اجازت ہو گی لیکن ابھی زائرین کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ان کے بقول دارالحکومت میں پچاس فی صد بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ ریستوران بھی کھولے جا سکیں گے۔

دہلی میں کرونا کی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ صبح 10 سے رات آٹھ بجے تک تمام مالز کھولے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سیلونز، بیوٹی پارلرز اور نائی کی دکانوں کو بھی دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

البتہ دارالحکومت میں اسکول، کالج اور کوچنگ انسٹی ٹیوٹ 21 جون تک بند رہیں گے، جب کہ جمز، اسپا، سوئمنگ پول، بینکوئٹ ہال، امیوزمنٹ پارکس، سنیما ہال، تھیٹر اور عوامی پارک بھی بند رہیں گے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG