سندھ میں پرائمری کلاسز کا آغاز
پاکستان کے صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد پرائمری کلاسز کا آغاز ہو گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے کرونا ایس او پیز کے تحت پرائمری کلاسز میں پچاس فی صد طلبہ کو بلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ کئی ہفتوں بعد تدریسی عمل بحال ہونے پر پہلے روز طلبہ کی حاضری معمول سے کم رہی۔
اسکولز میں کرونا ایس او پیز پر بھی سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسکولز کے اسٹاف کی کرونا ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی نے دو روز قبل ایک ٹوئٹ میں 21 جون سے تمام سرکاری اور نجی اسکولز میں پانچویں جماعت تک کلاسز کے آغاز کا کہا تھا۔
چین سے سائنوویک ویکسین کی 15 لاکھ سے زائد خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں
چین سے کرونا وائرس کی ویکسین سائنو ویک کی 15 لاکھ 50 ہزار سے زائد خوراکیں لے کر خصوصی طیارہ اتوار کو اسلام آباد پہنچ گیا۔
پاکستان کے سرکاری نشریاتی ادارے 'ریڈیو پاکستان' کی رپورٹ کے مطابق این سی او سی نے بتایا کہ ویکسین کی یہ خوراکیں چین کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت پاکستان لائی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین نے پاکستان کو بلاتعطل ویکسین کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ مزید برآں آئندہ ہفتے چینی ویکسین کی مزید 20 سے 30 لاکھ خوارکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔
امریکہ کا تائیوان کو کرونا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان
امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ تائیوان کو کرونا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں فراہم کر رہا ہے۔
ویکسین کی یہ تعداد اس سے پہلے اعلان کردہ ساڑھے سات لاکھ خوراکوں سے کہیں زیادہ ہے۔
تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے اضافی ویکسین کا مہیا کرنا دوستی کی علامت ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے وعدہ کیا تھا کہ امریکہ دنیا بھر میں کرونا کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے کروڑوں کی تعداد میں ویکسین کی خوراکیں مہیا کرے گا۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار تک کرونا وبا نے دنیا بھر میں 17 کروڑ اسی لاکھ افراد کو متاثر کیا ہے اور اب تک تقریباً 40 لاکھ اموات ہو چکی ہیں۔
مزید پڑھیے
بھارت میں کرونا کی صورتِ حال بہتر، بلیک فنگس کا خطرہ برقرار
بھارت کے کئی بڑے شہروں میں کرونا وائرس کے کیسز نیچے آنے سے معمول کی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔ لیکن بلیک فنگس نامی بیماری نے طبی نظام کے لیے نئی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ مزید دیکھیے بھون گوسوامی کی رپورٹ میں۔