پاکستان میں کرونا کیسز میں نمایاں کمی، بین الاقوامی پروازیں بڑھانے کا فیصلہ
پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے اور این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مثبت کیسز کی شرح صرف دو فیصد کے لگ بھگ رہ گئی ہے۔ گزشتہ روز 44 ہزار 496 ٹیسٹس میں 914 افراد کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
کرونا کی صورت حال بہتر ہونے کے باعث برطانیہ، یورپ، کینیڈا، چین اور ملائیشیا سے پروازیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پروازوں کی تعداد 20 فی صد بڑھائی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک میں مزید ویکسین بھی لائی جا رہی ہے۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں پانچ سے سات مختلف اقسام کی ویکسین دستیاب ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کیسز کی شرح میں کمی آئی ہے لیکن عام معمولات زندگی ابھی شروع نہیں کیے جا سکتے۔ چوتھی لہر کا خطرہ بدستور موجود ہے جس میں یہ خدشہ بھی ہے کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر اس میں تیزی آ سکتی ہے۔
امریکہ پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا
امریکہ پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے پیر کو ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں پاکستان کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جین ساکی کے بقول بائیڈن انتظامیہ دنیا بھر میں وبا سے نمٹنے کے لیے امریکہ کے قائدانہ کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ مزید ممالک کو بھی وبا سے تحفظ کی ویکسین فراہم کرے گا۔
جین ساکی نے بتایا کہ امریکہ جنوبی امریکہ کے ملک پیرو کو 20 لاکھ فائزر ویکسین کی خوراکیں جب کہ وسطی امریکہ کے ملک ہنڈراس کو 15 لاکھ موڈرنا ویکسین کی خوراکیں فراہم کر رہا ہے۔
سندھ: مزارات، انڈور جمز اور سوئمنگ پول کھولنے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبے سندھ کی حکومت نے کرونا وبا کے باعث بند کیے گئے مذارات، انڈور جمز اور سوئمنگ پولز کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
سندھ کے وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری ٹوئٹ کے مطابق کرونا وبا پر نظر رکھنے والا ادارہ این سی او سی کل جن مقامات کو کھولنے کا فیصلہ کرے گا، حکومت سندھ بھی ان مقامات کو کھول دے گی۔
پاکستان میں مزید 914 نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 496 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔ جن میں سے 914 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا سے مزید 20 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ صفر پانچ فی صد ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 910 افرد صحت یاب ہوئے ہیں۔ جس کے بعد کرونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد نو لاکھ 1201 ہو گئی ہے۔