'ڈیلٹا' قسم کے پھیلاؤ کے باوجود برطانیہ کا کرونا پابندیاں ختم کرنے کا عندیہ
برطانیہ کے وزیرِاعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کرونا وائرس کی تیزی سے پھیلنے والی 'ڈیلٹا' قسم کے کیسز میں اضافے کے باوجود 19 جولائی کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ تاہم ان کے بقول اس سے متعلق حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔
برطانوی وزیرِاعظم نے کہا کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی شرط بھی ختم ہو جائے گی۔ تاہم کاروبار چاہیں تو ماسک کی پابندی برقرار رکھ سکتے ہیں۔
پیر کو لندن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'ہم پابندیوں کو ہٹا دیں گے اور لوگوں کو اجازت دیں گے کہ وہ معلومات کی بنیاد پر وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات سے متعلق خود فیصلہ کریں۔'
وزیرِاعظم نے کہا کہ جب حکومت پابندیاں ہٹا دے گی تو ممکن ہے کہ ملک میں انفیکشن اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہو۔
خبر رساں اداروں کے مطابق کرونا وائرس کی قسم 'ڈیلٹا' کے کیسز دنیا بھر بشمول جنوبی کوریا میں بھی سامنے آئے ہیں۔
اولمپکس میراتھن میں شائقین کے راستوں سے دور رہنے پر زور
جاپان میں اولمپکس کے انتظامات کرنے والے حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اولمپکس کے میراتھن میں شائقین کو راستے دور رکھنے پر زور دیا جائے گا۔
منگل کو انتظامی عملے کا کہنا تھا کہ کرونا کی حالیہ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے یہ ضروری ہے کہ وبا کے پھیلاؤ کے خطرے کو کم سے کم کیا جائے۔ اس کے لیے لوگوں کو قریب آنے سے روکنا ہوگا۔
ایک بیان میں حکام کا کہنا تھا کہ وبا کے خطرے کے باعث شائقین کو کہا جائے گا کہ وہ دوڑ کے راستے میں کھڑے نہ ہوں۔
واضح رہے کہ اولمپکس گزشتہ برس جاپان میں ہونے تھے البتہ ان کو رواں برس کے لیے مؤخر کیا گیا تھا اور ان یہ رواں ماہ سے ہونے والے ہیں جب کہ اس کا آخری ایونٹ میراتھن ریس ہوگا جو کہ آئندہ ماہ میں 7 اور 8 اگست کو منقعد ہوگا۔
انڈونیشیا میں آکسیجن کی کمی، دیگر ممالک سے درآمد کی کوشش
انڈونیشیا کو کرونا وائرس کی بدترین لہر کے سبب ہنگامی امداد میں لگائی جانے والی آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے۔
حکام کے مطابق وبا سے متاثرہ افراد کے لیے آکسیجن سنگاپور سے درآمد کی جا رہی ہے۔
انڈونیشیا میں حکام نے چین سمیت دیگر پڑوسی ممالک سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔
انڈونیشیا میں 24 گھنٹوں میں لگ بھگ 30 ہزار کے قریب افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ حکام نے مزید 558 اموات کی تصدیق کی ہے۔
ملک بھر میں اب تک 23 لاکھ افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 61 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن نے خود کو قرنطینہ کر لیا
برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اپنی تمام تر مصروفیات کو منسوخ کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
کنسگٹن پیلس کے ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے شہزادی کا ایک ایسے شخص کے ساتھ رابطہ ہوا تھا جس کا بعد میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کیٹ میڈلٹن کو کسی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں ہیں تاہم وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھر میں ہی آئسولیشن میں ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شہزادی کیٹ مڈلٹن نے گزشتہ ہفتے متعدد ایونٹس میں شرکت کی تھی جن میں جمعے کو ہونے والا ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ کا مقابلہ بھی شامل ہے۔