پاکستان میں کرونا کیسز کی شرح تین فی صد سے زائد
پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید ایک ہزار 517 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 287 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ دو سات فی صد رہی۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے مزید 17 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 469 تک پہنچ گئی ہے۔
ویکسین نہ لگوانے والے افراد خطرہ بن رہے ہیں، صدر بائیڈن کا انتباہ
امریکہ کی دس ریاستوں میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے پیشِ نظر صدر جو بائیڈن نے منگل کو خبر دار کیا ہے کہ لاکھوں امریکی ایسے ہیں جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی ہے اور ان کی وجہ سے وہ تمام علاقے خطرے سے دو چار ہیں جہاں یہ افراد رہائش پزیر ہیں۔
اپنے نشریاتی پیغام میں صدر بائیڈن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوائیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ کرونا وائرس کی قسم ’ڈیلٹا‘ تیزی سے پھیلنے والی اور ممکنہ طور پر زیادہ خطرناک ہے اور یہ ویرینٹ ملک کے متعدد حصوں سے سامنے آنے والے کیسز میں سے نصف کیسز کا ذمہ دار ہے۔
ان کے بقول بالخصوص ریاست کینساس اور میزوری میں کرونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کے سبب انفیکشن کی شرح میں دوہرے ہندسے کے ساتھ اضافہ سامنے آ رہا ہے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندہ اسٹیون ہرمین کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے منگل کو وائٹ ہاؤس سے خطاب کے دوران کہا کہ کرونا کی ویکسین نہ لگوانے والوں میں وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت کرونا ریسپانس ٹیموں کو متحرک کر رہی ہے جس میں وہ فیڈرل ایمرجنسی مینیجمنٹ ایجنسی، صحت عامہ کے نگراں ادارے یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن اور دیگر ایجنسیوں کے ماہرین کے ساتھ اسٹاف میں اضافہ کر رہی ہے۔
پاکستان میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2.2 فی صد ہو گئی
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 830 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 2.22 فی صد ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 37 ہزار 364 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 830 ٹیسٹ مثبت آئے۔ یوں ملک بھر میں وبا سے متاثرہ ریزرِ علاج افراد کی تعداد 33 ہزار 390 ہو گئی۔ جب کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں معمولی اضافہ بھی ہوا ہے جو کہ 2.2 فی صد ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 25 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار 452 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان بھر میں اب تک ایک کروڑ 78 لاکھ 15 ہزار ویکسین پہنچائی جا چکی ہیں جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں چار لاکھ 25 ہزار ویکسین لگائی گئی ہیں۔
کرونا وبا کے سائے تلے ستارے 'کان فلم فیسٹیول' میں جلوے بکھیرنے کے لیے تیار
کرونا وائرس کے سائے تلے فرانس کے ساحلی شہر کان میں فلمی دنیا کے سب سے بڑے میلے 'کان فلم فیسٹیول' کا آغاز آج بروز منگل سے ہو گا۔
فرانس میں کرونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے خوف سے 'کان فلم فیسٹیول' کے منتظمین اور حکام ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کر رہے ہیں۔
کان فلم فیسٹیول کا یہ 74 واں رنگا رنگ ایونٹ چھ سے 17 جولائی تک جاری رہے گا۔بارہ روزہ فیسٹیول میں فلموں کی نمائش، پریس کانفرنسز اور لیٹ نائٹ پارٹیز ہوں گی اور ستارے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیریں گے۔
کان فلم فیسٹیول کا انعقاد عموماً مئی میں ہوتا ہے لیکن رواں سال یہ جولائی میں ہو رہا ہے۔ گزشتہ برس کرونا وبا کے باعث اس ایونٹ کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق منگل کو کان فلم فیسٹیول کا آغاز فرانسیسی ہدایت کار لیوز کاریکس کی میوزیکل فلم 'انیٹ' سے ہو گا۔ فیسٹیول میں 24 فلموں کے درمیان مقابلہ ہے۔
فیسٹیول میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی ہالی وڈ فلم 'فاسٹ اینڈ فیورس 9'، ڈرامہ اور تھرل سے بھرپور فلم 'اسٹک واٹر' اور کامیڈی ڈرامہ فلم 'دی فرینچ ڈس پیچ' سمیت کئی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔