جنوبی کوریا میں کرونا کے یومیہ کیسز کا نیا ریکارڈ
جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 257 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ تعداد ملک میں رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق صحت کے حکام جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر غور کر رہے ہیں، جہاں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
ملک میں کرونا سے اب تک ایک لاکھ 64 ہزار 28 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دو ہزار 34 ہے۔
جنوبی کوریا کی مجموعی آبادی میں سے دس فی صد افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے جب کہ تیس فی صد نے ویکسین کی کم از کم ایک خوراک حاصل کر رکھی ہے۔
دنیا بھر میں کرونا سے اموات 40 لاکھ سے متجاوز
دنیا بھر میں عالمی وبا کرونا وائرس سے اموات کی تعداد چالیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا سے اب تک چالیس لاکھ ایک 782 افراد کرونا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کرونا سے سب زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ہوئی ہیں جہاں چھ لاکھ چھ ہزار 218 افراد ہلاک ہوئے ہیں، دوسرے نمبر پر برازیل ہے جہاں پانچ لاکھ 28 ہزار 540 افراد کرونا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
کرونا سے سب سے زیادہ ہلاکتوں والے ممالک میں تیسرا نمبر بھارت کا ہے، وہاں چار لاکھ پانچ ہزار 28 افراد اس وبا کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔
جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں وائرس سے اب تک 18 کروڑ 50 لاکھ 78 ہزار 386 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
سڈنی میں لاک ڈاؤن میں 16 جولائی تک توسیع
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر بدھ کو لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس سے قبل سڈنی میں نو جولائی کو لاک ڈاؤن کی مدت ختم ہونی تھی جسے بڑھا کر اب 16 جولائی کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز کی پریمئر گلاڈس بیریجی کلیئن نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈیلٹا ویرینٹ کرونا کی کسی بھی دوسری قسم سے سے زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں بدھ کو مقامی سطح پر 27 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
آسٹریلیا میں کرونا سے اب تک 30 ہزار 800 سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 910 ہے۔
بھارت میں مزید 930 افراد کرونا سے ہلاک
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 43 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 43 ہزار 733 نئے کیس سامنے آئے۔ مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ نو فی صد رہی۔
کرونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں 930 افراد ہلاک بھی ہوئے۔
البتہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں 47 ہزار 240 کا اضافہ بھی ہوا ہے۔