کرونا وبا میں گھر بیٹھنے سے بڑھنے والا وزن کم کیسے ہو؟
دنیا بھر میں کرونا وائرس نے لوگوں کے طرزِ زندگی کو متاثر کیا ہے۔ ایسے میں گھر بیٹھے بہت سے لوگ وزن بڑھنے کی شکایت کر رہے ہیں۔ اس صورتِ حال میں اپنی جسمانی صحت کا خیال کیسے رکھا جائے؟ جانتے ہیں صبا شاہ خان سے 'لائف تھری سکسٹی' میں۔
آسٹریلیا میں کیسز بڑھنے کے سبب لاک ڈاؤن میں اضافہ کا اندیشہ
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں ہفتے کو رواں سال میں کرونا وائرس کے ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ کیے گئے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ سڈنی میں وبا کا عروج ابھی آنا ہے جہاں پہلے ہی تین ہفتوں کا سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
آسٹریلیا کی سب سے گنجان آباد ریاست ساؤتھ ویلز میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے مزید 50 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا سے متاثرہ افراد کی تعداد 489 ہو گئی ہے۔
ہفتے کو جن 26 افراد میں وبا کی تشخیص کی گئی۔ انہوں نے وبا سے متاثر ہونے کے باوجود کمیونٹی میں وقت گزارا تھا جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نافذ کردہ لاک ڈاؤن میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
آسٹریلیا وبا پر قابو پانے والے دیگر کئی ممالک سے بہتر سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم ویکسین لگانے کا عمل ویکسین کی فراہمی اور کرونا ویکسین ‘ایسٹرا زینیکا’ سے متعلق ہدایات میں تبدیلی کے باعث سست روی کا شکار ہے۔
کرونا وبا: کیا ویکسین کے بعد بھی احتیاط ضروری ہے؟
دنیا بھر میں کرونا کی ڈیلٹا قسم کی وجہ سے کرونا کیسز میں پھر سے اضافہ ہو رہا ہے۔
کیا دستیاب ویکسین اس کے خلاف بھی کارگر ہیں؟ جاننے کے لیے وائس آف امریکہ کی ندا فاطمہ سمیر نے بات کی متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر فہیم یونس سے۔
جنوبی کوریا میں مسلسل تیسرے روز ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ
جنوبی کوریا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
یہ مسلسل تیسرا دن ہے کہ جب ہفتے کو ریکارڈ یومیہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
جنوبی کوریا میں جمعے کو رات گئے ایک ہزار 378 کیسز رپورٹ کیے گئے جب کہ جمعرات کو رپورٹ کیے جانے والے کیسز کی تعداد ایک ہزار 316 تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کیسز میں اضافے کے سبب آئندہ ہفتے پیر سے پہلی بار دارالحکومت سول اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پابندیاں سخت کی جائیں گی۔
کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ رواں ماہ جولائی کے اختتام تک کیسز کی تعداد دو گناہ ہو سکتی ہے۔
پانچ کروڑ 20 لاکھ آبادی والے ملک جنوبی کوریا میں لگ بھگ 11 فی صد افراد کو کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں جب کہ 30 فی صد افراد کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی جا چکی ہے۔