رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

17:27 11.7.2021

تھائی لینڈ: سائنو ویک کی دونوں خوراکوں کے باوجود سیکڑوں ہیلتھ ورکرز کرونا سے متاثر، وزارتِ صحت

فائل فوٹو
فائل فوٹو

تھائی لینڈ کی وزارتِ صحت نے اتوار کو کہا ہے کہ چین کی سائنو ویک ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے چھ سو سے زائد میڈیکل ورکرز کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق وزارتِ صحت کے اپریل سے جولائی کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اس عرصے میں چھ لاکھ 77 ہزار 348 طبی عملے کے افراد کو سائنو ویک کی دونوں خوراکیں دی گئیں۔ جن میں سے 618 ایسے تھے جو کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ ایک نرس ہلاک ہوئی اور ایک اور طبی رضاکار کی حالت نازک ہے۔

صحت کے ایک سینئر عہدیدار سوپان لمسریتھاون نے اتوار کو نیوز بریفنگ کے دوران بتایا کہ ماہرین نے خطرے سے دوچار طبی عملے کی مدافعت بڑھانے کےلیے تیسری خوراک کی تجویز دی ہے۔

17:02 11.7.2021

پاکستان میں کرونا سے مزید 27 افراد ہلاک

پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ملک میں 31 مئی کے بعد مثبت کیسز کی شرح چار فی صد سے تجاوز کر گئی ہے۔

حکام ملک میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کا خدشہ ظاہر کر چکے ہیں اور عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 382 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے ایک ہزار 980 میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ملک میں مثبت کیسز کی شرح چار اعشاریہ صفر نو فی صد رہی۔

کرونا وائرس سے مزید 27 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 582 ہوگئی ہے۔

16:59 11.7.2021

بھارت میں 41 ہزار سے زائد نئے کیسز

بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 895 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اتوار کو کرونا وائرس کے 41 ہزار 526 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

بھارت میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مزید 895 کا اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں مجموعی اموات کی تعداد چار لاکھ 8 ہزار 40 ہوگئی ہے۔

20:49 10.7.2021

بھارت کی کرکٹ ٹیم کا دورہٴ سری لنکا مؤخر

بھارت کے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ (بی سی سی آئی) کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دو افراد میں کرونا وبا کی تشخیص کے بعد بھارت کی کرکٹ ٹیم کا دورہٴ سری لنکا پانچ روز کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ کا جمعے کو کہنا تھا کہ رواں ہفتے برطانیہ کے دورے سے واپس آنے والی ٹیم کے دو افراد بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور ڈیٹا اینالسٹ جی ٹی نیروشان کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت حالات مختلف ہیں اور بی سی سی آئی اس موقع پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کو اپنی مکمل حمایت پیش کرتا ہے۔ تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز باآسانی منعقد ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ماہرین کی ٹیم سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ تا کہ تمام مطلوبہ اقدامات ہو سکیں۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ وہ بھارت کے بورڈ کی طرف سے صورتِ حال کو سمجھنے پر شکر گزار ہیں۔

اب بھارت اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچز رواں ماہ 18، 20 اور 23 جولائی کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد تین ٹی ٹونٹی میچز کا انعقاد 25، 27 اور 29 جولائی کو ہو گا۔ یہ تمام میچز کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG