انڈونیشیا میں 40 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
انڈونیشیا میں کرونا وائرس کے کیسز سے تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں پیر کو 40 ہزار 427 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق انڈونیشیا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 891 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
انڈونیشیا میں کرونا سے اب تک 25 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 67 ہزار 355 ہے۔
پاکستان: مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ آٹھ چار ریکارڈ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 47 ہزار 15 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے ایک ہزار 808 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا سے مزید 15 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جب کہ مثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ آٹھ چار ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 670 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
ملک میں کرونا سے اب تک نو لاکھ 75 ہزار 92 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 597 ہے۔
بھارت میں 37 ہزار 154 نئے کیسز رپورٹ
بھارت کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پیر کو مزید 37 ہزار 154 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 724 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
ملک میں کرونا وائرس سے مزید 39 ہزار 649 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس سے اب تک تین کروڑ 87 لاکھ چار ہزار 376 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 87 ہزار 64 ہے۔
آسٹریلیا: کرونا وائرس سے رواں سال کی پہلی ہلاکت
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں اتوار کو کرونا وائرس سے رواں سال کی پہلی ہلاکت ہوئی ہے جو مقامی سطح پر متاثرہ کیس تھا۔
خبر رساں اداے 'رائٹرز' کے مطابق اتوار کو نیو ساؤتھ ویلز میں کرونا وائرس کے 77 نئے کیسز کی بھی تصدیق ہوئی جو رواں سال کے ریکارڈ کیسز ہیں۔
اسٹیٹ پریمیئر گلیڈیز بیریجیکلیان نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر سڈنی کے اندر اور اس کے اطراف کرونا کیسز میں اضافہ متوقع ہے۔
سڈنی میں کرونا کیسز کی وجہ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے۔