امریکہ کا انڈونیشیا کو کرونا ویکسین کی 30 لاکھ خوراکوں کا عطیہ
دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والے ملک انڈونیشیا کو کووڈ 19 کی بدترین لہر کا سامنا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے موڈرنا ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں انڈونیشیا بھیجی ہیں۔ انڈونیشیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس ویکسین کو طبّی عملے کے لیے بوسٹر شاٹس کے طور پر استعمال کرے گی۔ مزید دیکھیے اس رپورٹ میں۔
انگلینڈ میں موجود بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ایک کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت
انگلینڈ میں موجود بھارتی کرکٹ اسکواڈ میں شامل ایک کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد اسے قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
بھارت کا 23 رکنی اسکواڈ برطانیہ میں موجود ہے جہاں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز کا آغاز چار اگست سے ہو گا۔
اس سے قبل بھارتی کھلاڑی بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے جس کے لیے برطانیہ کے شہر ڈرہم میں انتظامات کیے گئے ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ بائیو سیکیور ببل کا حصہ بننے سے قبل ایک کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ متاثرہ کھلاڑی کو دیگر کھلاڑیوں سے الگ کر دیا ہے اور وہ جمعرات کو ٹیم کے ساتھ ڈرہم کے لیے سفر نہیں کریں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے متاثرہ کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا۔ البتہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کھلاڑی میں کرونا وائرس کی بھارت میں پائی جانے والی قسم 'ڈیلٹا' موجود ہو سکتی ہے۔ کرونا کی یہ قسم برطانیہ میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔
آسٹریلیا میں لاک ڈاؤن میں توسیع
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کرونا کیسز میں اضافے کے سبب بدھ کو لاک ڈاؤن میں دو ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔
ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پریمیئر گلیڈیس بیریجکلیئن نے بدھ کو کہا ہے کہ پابندیاں 30 جولائی تک عائد رہیں گی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں مقامی سطح پر مزید 97 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے اب تک 31 ہزار 246 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ملک میں وائرس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 910 ہے۔
میکسیکو میں فروری کے بعد سے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ
میکسیکو میں منگل کو فروری کے بعد سے سب سے زیادہ کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں منگل کو 11 ہزار 137 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 26 لاکھ چار ہزار 711 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق میکسیکو میں کرونا سے مزید 219 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ ملک میں کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی کُل تعداد دو لاکھ 35 ہزار 277 ہو گئی ہے۔