ٹوکیو اولمپکس ولیج میں دو ایتھلیٹس میں کرونا کیسز کی تصدیق
جاپان میں ٹوکیو اولمپکس کے آغاز سے قبل دو ایتھلیٹس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے اتوار کو کہا ہے کہ ایتھلیٹس کے ولیج میں دو کھلاڑیوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ ہارومی واٹر فرنٹ ڈسٹرکٹ میں اولمپکس ولیج میں رکنے والے دو کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کا تعلق ایک ہی ملک سے ہے اور وہ ایک ہی کھیل میں حصہ لے رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اولمپکس سے منسلک افراد میں سے 10 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس میں ایک تیسرا کھلاڑی بھی شامل ہے جو ولیج میں نہیں ٹھیرا ہوا تھا۔
بھارت میں 41 ہزار سے زائد نئے کیسز
بھارت میں کرونا وائرس کے مزید 41 ہزار 157 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 518 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد تین کروڑ دو لاکھ 69 ہزار 796 ہے۔
عالمی وبا سے اب تک بھارت میں چار لاکھ 13 ہزار 609 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
برطانیہ: سیکریٹری صحت ساجد جاوید میں کرونا وائرس کی تشخیص
برطانیہ کے سیکریٹری صحت ساجد جاوید میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہیں معمولی علامات ہیں۔
ان کے بقول انہیں کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی تھیں۔
ساجد جاوید نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ پی سی آر ٹیسٹ سے بھی ان کے کرونا مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی ہے وہ آئیسولیٹ رہیں گے اور گھر سے کام جاری رکھیں گے۔
پاکستان: کرونا وائرس سے مزید 21 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں پھر سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں مزید دو ہزار 607 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 816 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح پانچ اعشاریہ تین چار فی صد رہی۔
ملک میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔