روس میں ایک دن میں 24 ہزار مزید کیسز رپورٹ، 799 ہلاکتیں
روس میں ہفتے کو کرونا وبا کے لگ بھگ 24 ہزار مزید کیسز رپورٹ اور ایک بار پھر 799 ریکارڈ یومیہ ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں۔
روس میں کرونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حکام کرونا وائرس کے مہلک قسم ڈیلٹا ویرینٹ کو اس کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔
کرونا وبا سے نمٹنے والی ٹاسک فورس نے پچھلے 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 947 کیسز کی تصدیق کی۔ جو کہ پچھلے ہفتے کی نسبت 5 فی صد کم ہے۔
ماسکو میں 3 ہزار 376 کیسز رپورٹ کیے گئے۔ جو کہ پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 26 فی صد کم ہے۔
خیال رہے کہ روس میں اب تک 61 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ جب کہ کرونا وبا سے اب تک ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ٹوکیو اولمپکس میں شریک 100 امریکی ایتھلیٹس نے ویکسین نہیں لگوائی
ٹو کیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے کچھ گھنٹے قبل امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کے میڈیکل چیف نے بتایا کہ اولمپکس کے لئے ٹوکیو پہنچنے والے 613 امریکی کھلاڑیوں میں سے 100 نے کووڈ کی ویکسین نہیں لگوائی۔
امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کے میڈیکل ڈائریکٹر جوناتھن فینوف نے بتایا کہ امریکی ایتھلیٹس کی جانب سے سفر سے پہلے صحت سے متعلق پُر کئے جانے والے فارمز دیکھ کر پتا چلا کہ 83 فی صد امریکی ایتھلیٹس نے ویکسین لگوارکھی ہے۔
فینوف نے کہا، "83 فیصد ایک بڑی تعداد ہے اور ہم اس سے کافی خوش ہیں۔"
امریکہ میں امراض کی روک تھام کے ادارے سی ڈی سی کے مطابق، قومی سطح پر اب تک 56.3 فی صد امریکیوں کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے۔
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے اندازے کے مطابق، کھیلوں کے اولمپکس کے مقابلوں کے لئے تیار کئے گئے 'اولمپک ویلیج' میں رہنے والے تقریبا 85 فیصد افراد نے ویکسین لگوا رکھی ہے۔ یہ اعدادو شمار اولمپکس میں شرکت کرنے والے تمام ملکوں کی اولمپک کمیٹیوں کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کی بنیاد پر مرتب کئے گئے ہیں، تاہم ان کی غیر جانبدار ذرائع سے تصدیق نہیں کی گئی۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، امریکی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی (یو ایس او پی سی) کی رپورٹ زیادہ ٹھوس ہے، کیونکہ یہ سوالناموں پر مبنی ہے، جن کے جواب امریکی ایتھلیٹس کو ٹوکیو جانے سے پہلے دینے کو کہا گیا تھا۔
بھارت میں کرونا سے زندگی ہارنے والوں کی یاد میں ٹیٹو بنوانے کا رجحان
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے ٹیٹو اسٹوڈیوز میں کرونا وبا کی دوسری لہر کے دوران اپنی جانیں گنوانے والے افراد کی یاد میں ٹیٹوز بنوانے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔بھارت میں لاکھوں افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ بڑی تعداد میں زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ دیکھیے اس رپورٹ میں۔
کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کے کیسز میں 100 فی صد اضافہ
جامعہ کراچی میں قائم نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کے مطابق کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 100 فی صد بڑھ گئی ہے۔
منگل کو انسٹی ٹیوٹ میں گزشتہ روز 80 کی جینو ٹائپنگ کی گئی جن میں تمام ڈیلٹا ویرینٹ کے کیسز نکلے۔
دوسری جانب شہر کے کئی اسپتالوں میں کرونا کے مریضوں کے لیے مختص کوئی بیڈ خالی نہیں ہے۔ جن میں سول اسپتال، جناح اسپتال کے بعض بلاکس، انفیکشس ڈیزیز اسپتال گلشن اقبال اور دیگر اسپتال شامل ہیں۔