ڈیلٹا ویرینٹ: آسٹریلیا سے فلپائن تک لاک ڈاؤن اور ہنگامی اقدامات
کرونا وائرس کے ڈیلٹا ویرینٹ کے مہلک اثرات سے بچنے اور ان سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے، آسٹریلیا سے جاپان اور فلپائن تک کے ایشیائی ممالک نے جمعے سے اپنے شہریوں کی نقل و حمل محدود کرنے کی غرض سے سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
ڈیلٹا ویرینٹ جو سب سے پہلے بھارت میں سامنے آیا تھا، کئی ملکوں میں پھیل چکا ہے اور عالمگیر سطح پر تشویش کا باعث بنتا جا رہا ہے۔
وبا کی اس قسم کے اثرات سے بچنے کے لیے امریکہ، اسرائیل اور سنگاپور جیسے ملک، جہاں ویکسی نیشن کے جدید پروگرام پر عمل درآمد جاری ہے، انہوں نے بھی شہریوں کی نقل و حمل سے متعلق کچھ پابندیاں پھر سے عائد کر دی ہیں۔
تاہم، ایشیائی ممالک ڈیلٹا ویرینٹ کی سب سے زیادہ زد میں ہیں، جہاں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جب کہ خطے میں ویکسی نیشن مہم کی سست روی کے باعث لاکھوں افراد کو اس تیزی سے پھیلنے والی وبا کا خطرہ لاحق ہے۔
امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کی ایک داخلی دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ نے تحریر کیا ہے کہ ڈیلٹا ویرینٹ دراصل خسرے کی طرح کا ایک متعدی مرض ہے جو بیمار کو تیزی سے جکڑ لیتا ہے۔
امریکہ میں کرونا ویکسین لینے کے باوجود ماسک پہننے کی ہدایت
امریکہ کی 49 ریاستوں میں کرونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ان میں سے 83 فی صد کیسز کرونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کے ہیں۔ آن لائن شائع ہونے والے مطالعے کے مطابق ڈیلٹا ویرینٹ اس لیے انتہائی مہلک ہے کیوں کہ یہ نظام تنفس میں کئی گنا زیادہ وائرس پیدا کرتا ہے۔ دیکھیے صبا شاہ خان کی رپورٹ میں۔
اولمپکس کی میزبانی کرنے والے شہر ٹوکیو میں ریکارڈ یومیہ کیسز
جاپان میں اولمپکس کی میزبانی کرنے والے شہر ٹوکیو میں ہفتے کو ریکارڈ یومیہ کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
ٹوکیو کی میٹرو پولیٹن حکومت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ چار ہزار 58 کیسز رپورٹ کیے گئے۔
اولمپکس منتظمین کے مطابق کرونا وائرس کے مزید 21 کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد رواں سال یکم جولائی سے گیمز سے متعلقہ 241 افراد میں وبا کی تشخیص ہو چکی ہے۔
کرونا کیسز میں یہ اضافہ حکومت کی طرف سے اگست کے آخر تک نافذ کی گئی ایمرجنسی کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔
اولمپکس منتظمین کا ہفتے کو کہنا تھا کہ انہوں نے گیمز سے متعلقہ افراد اور کھلاڑیوں کا شہر دیکھنے کے لیے جاری کردہ اجازت نامہ منسوخ کر دیا ہے تا کہ اولمپکس کا انعقاد محفوظ بنایا جا سکے۔
چار ہفتوں میں کروبا کیسز میں 80 فی صد اضافہ
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ گزشتہ چار ہفتوں کے دوران کرونا وائرس کے کیسز میں اوسطاََ 80 فی صد اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ ڈیلٹا ویرینٹ ہے۔
بھارت میں سب سے پہلے تشخیص کیے جانے والا ڈیلٹا ویرینٹ اب تک 132 ممالک اور علاقوں میں پھیل چکا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ایمر جنسی کے ڈائریکٹر مائیکل ریان کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ڈیلٹا وائرس ایک تنبیہ ہے کہ وائرس تبدیل ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس سے پہلے کے کرونا وائرس کے مزید ویرینٹس آئیں، ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔
مائیکل نے زور دیا کہ کرونا وائرس کے خلاف آزمائی گئی حکمتِ عملی ابھی بھی کار آمد ہے۔
ان کے بقول سماجی دوری اختیار کی جائے۔ فیس ماسک پہنے جائیں۔ ہاتھوں کو باقاعدگی سے دھویا جائے اور ویکسین لگوائی جائے۔