بھارت میں کرونا کیسز میں 41 ہزار 831 کا اضافہ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے متاثرہ 541 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے 17 لاکھ 89 ہزار 472 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 41 ہزار 831 میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
کرونا وبا سے بھارت میں اب تک تین کروڑ 16 لاکھ 55 ہزار 824 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ چار لاکھ 24 ہزار 351 مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
ملک میں تین کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے، اسد عمر
پاکستان میں کرونا کے نگراں ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں تین کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ پہلے ایک کروڑ افراد کو 113 دن میں ویکسین لگائی گئی تھی جب کہ اگلے 28 دن میں مزید ایک کروڑ لوگوں کو ویکسین لگائی گئی۔
ان کے بقول آخری ایک کروڑ افراد کی ویکسین میں صرف 16 دن لگے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں ویکسی نیشن کا عمل تیز ہوگیا ہے۔
اسد عمر کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے چھ دن میں پچاس لاکھ ویکسی نیشن کی گئیں جب کہ گزشتہ روز نو لاکھ 34 ہزار ویکسی نیشن ہوئیں۔
پاکستان: کرونا مثبت کیسز کی شرح ساڑھے آٹھ فی صد سے زائد
پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آ رہی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانچ ہزار 26 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 56 ہزار 965 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ آٹھ دو فی صد رہی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے پانچ ہزار 26 افراد متاثر ہوئے۔ اس سے قبل 29 اپریل کو ملک میں پانچ ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
کرونا وبا سے پاکستان میں مزید 62 افراد کا انتقال بھی ہوا ہے۔ ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 422 تک پہنچ گئی ہے۔