پاکستان میں 4858 افراد میں وائرس کی تشخیص
پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران مثبت کیسز کی یومیہ تعداد چار ہزار سے زیادہ رپورٹ ہو رہی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 4858 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 56 ہزار 414 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ چھ ایک فی صد ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق عالمی وبا کے شکار مزید 40 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ3441 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
گریٹ ریزگنیشن: امریکہ میں ملازمت چھوڑنے کے رجحان میں اضافہ کیوں؟
کرونا وائرس کی عالمی وبا جہاں صحتِ عامہ کے لیے ایک بڑا چینلج ثابت ہوئی ہے وہیں روز مرہ زندگی میں بھی اس نے بہت کچھ تبدیل کر دیا ہے۔ ان میں سے بعض تبدیلیاں ایسی ہیں جن کا اس سے پہلے تصور بھی شاید ممکن نہیں تھا۔ ایسی ایک نمایاں تبدیلی گھر سے دفتری کام یا ’ورک فرام ہوم‘ بھی ہے۔
کرونا وبا کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں کی بنا پر جب 'ورک فرام ہوم' کا سلسلہ شروع ہوا تو ابتدا میں بیش تر ملازمین کو اس سے مطابقت پیدا کرنے میں کسی نہ کسی دشواری کا سامنا رہا۔ لیکن اب صورتِ حال یہ ہے کہ امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں میں ملازمین کی بڑی تعداد دفاتر واپس آنے پر تیار نہیں۔
لیپیکا راماسوامی سان فرانسسکو کی ایک کمپنی میں ڈیٹا سائنٹسٹ کے طور پر وبا کے دوران ٹیکساس سے دفتری امور سر انجام دے رہی تھیں۔ وہ وبا کے مکمل خاتمے تک ٹیکساس میں اپنی بہن کے ساتھ ہی رہنا چاہتی تھیں۔ وبا کا زور تھمنے کے بعد وہ اس انتظار میں تھیں کہ کب انہیں دفتر واپس بلایا جاتا ہے۔ لیکن گزشتہ ماہ جب انہیں ملازمت پر دفتر واپس بلایا گیا تو لیپیکا نے استعفیٰ دے دیا۔
اپنے اس فیصلے کے بارے میں وائس آف امریکہ کی رپورٹر ڈینا میچل سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ وبا کا واقعی خاتمہ ہو گیا ہے۔ کسی نے وبا ختم ہونے کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی میں جانتی ہوں کہ اگلی لہر کب آ رہی ہے اور وہ کتنی خطرناک ہو سکتی ہے۔
ٹوکیو میں کرونا کیسز کا نیا ریکارڈ، چار ہزار سے زائد نئے مریض
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی میٹروپولیٹن حکومت نے کہا ہے کہ ہفتے کو شہر میں کرونا وائرس کے نئے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق حکومت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے چار ہزار 58 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ جاپان کا دارالحکومت اس وقت کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے۔
اولمپکس منتظمین کا کہنا ہے کہ ہفتے کو مزید 21 نئے کرونا کیسز کی بھی تصدیق ہوئی جس کے بعد وہاں یکم جولائی سے اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 241 ہو گئی ہے۔
علاوہ ازیں جاپان کے قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے رپورٹ کیا کہ ہفتے کو ملک بھر میں بھی کرونا کیسز کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے اور 12 ہزار 341 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز کرونا ریسرچ سینٹر کے مطابق جاپان میں وبا کے آغاز سے اب تک نو لاکھ 14 ہزار 718 کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ 15 ہزار 197 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ: فلوریڈا میں یومیہ کرونا کیسز کا نیا ریکارڈ
امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز پھر بڑھنے لگے ہیں۔ ریاستِ فلوریڈا میں ہفتے کو کرونا کے ریکارڈ 21 ہزار 683 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکہ میں بیماریوں پر قابو پانے اور ان کی روک تھام کے ادارے (سی ڈی سی) کا کہنا ہے کہ ان نئے کیسز میں امریکہ کی جنوب مشرقی ریاست کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز بنا دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ کیا کہ وفاقی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اس سے قبل سات جنوری کو ریاستِ فلوریڈا میں 19 ہزار 334 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق وبا کے آغاز سے اب تک فلوریڈا میں 26 لاکھ کرونا کیسز سامنے آ چکے ہیں اور 39 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔