اسلام آباد کے 50 فی صد شہریوں نے ویکسین لگوا لی: اسد عمر
پاکستان میں کرونا وبا پر قابو پانے کے ذمہ دار ادارے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 50 فی صد اہل افراد نے کرونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگوا لی ہے۔
اسد عمر کے مطابق پشاور اور راولپنڈی میں 35 فی صد، فیصل آباد، 28، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور سرگودھا میں 27 فی صد شہریوں نے ویکسین لگوا لی ہے۔
ان کے بقول کراچی میں 26 فی صد اور حیدرآباد میں 25 فی صد شہری ویکسین لگوا چکے ہیں۔
جاپان: کرونا وائرس نوجوانوں میں تیزی سے پھیلنے لگا
جاپان کے وزیرِ اعظم یوشی ہی دے سوگا نے کہا ہے کہ ملک میں نوجوان طبقے میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چالیس اور پچاس سال کے افراد کے مقابلے میں 20 سے 30 سال کی عمر کے نوجوان کرونا سے تیزی سے متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کا تعین کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ جاپان اولمپکس مقابلوں کی میزبانی کر رہا ہے جہاں پہلے ہی کرونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
ریکارڈ یومیہ ویکسی نیشن پر خوشی ہے: اسد عمر
پاکستان میں کرونا وبا پر قابو پانے کے نگراں ادارے 'این سی او سی' کے سربراہ اسد عمر نے ملک میں ایک دن کے دوران ریکارڈ 10 لاکھ سے زیادہ ویکسین لگائے جانے کا ہدف پورا ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہدف کے حصول میں تمام وفاقی ذمہ داران نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخو اور اسلام آباد کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کیا اور سب نے حیرت انگیز کام کیا ہے۔
پاکستان: ایک روز میں 10 لاکھ سے زائد ویکسین لگائی گئی
پاکستان میں پیر کو 10 لاکھ 72 ہزار 342 افراد کو کرونا ویکسین لگائی گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے انسداد کے لیے سائنو فام، سائنو ویک، ایسٹرازینیکا، موڈرنا اور فائزر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسین اب تک تین کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔