چین میں جنوری کے بعد سب سے زیادہ یومیہ کرونا کیسز
چین میں کرونا وائرس کا ڈیلٹا ویریئنٹ پھیلنے لگا ہے۔ منگل کو ملک میں جنوری کے بعد مقامی سطح پر سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے رپورٹ کیا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین میں تین اگست کو مقامی سطح پر 71 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جو 30 جنوری کے بعد یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
چین میں 30 جولائی کے بعد سے ملسل پانچویں روز کرونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
'رائٹرز' کے مطابق جولائی کے آخر سے چین کے دارالحکومت بیجنگ، اور ووہان سمیت متعدد شہروں میں کرونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں مزید چار ہزار 722 کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 398 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار 722 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ دو دو ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 46 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 23 ہزار 575 تک جا پہنچی ہے۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 454 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا سے مزید 562 افراد ہلاک
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 42 ہزار 625 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ تین ایک فی صد رہی۔
کرونا وائرس سے ملک میں مزید 562 مریض بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 36 ہزار 668 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
پاکستان میں ایک روز میں یومیہ ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ
پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔ منگل کو ملک بھر میں 11 لاکھ 39 ہزار 580 افراد کو کرونا ویکسین لگائی گئی جو ایک روز میں ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ ہے۔
ملک میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں اب تک تین کروڑ 30 لاکھ 59 ہزار 676 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
کرونا وائرس کے انسداد کے لیے سائنو فام، سائنو ویک، ایسٹرازینیکا، موڈرنا اور فائزر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔