رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

10:44 5.8.2021

فلوریڈا: کیسز میں اضافے کے سبب اسپتالوں میں بحرانی صورتِ حال

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں کرونا کیسز میں اضافے کے سبب اسپتالوں کو بحرانی صورتِ حال کا سامنا ہے۔

ریاست فلوریڈا کے اسپتالوں میں جو مریض لائے جا رہے ہیں ان میں سے زیادہ تر نوجوان اور ایسے مریض ہیں جنہوں نے ویکسین نہیں لگوا رکھی جب کہ زیادہ تر مریضوں کو کرونا کی قسم ڈیلٹا کا سامنا ہے جو امریکہ کے جنوبی ریاستوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔

امریکہ میں سینٹر فار ڈیزیز اینڈ کنٹرول (سی ڈی سی) کی ڈائریکٹر روشیل ولنسکی نے وائرس کی اس قسم کو سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والی قسم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیلٹا ویریئنٹ ان لوگوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہے۔

یونیورسٹی آف الاباما کے اسسٹنٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر ریکارڈو فرینکو کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی آف الاباما اسپتال میں کرونا کے جتنے مریض لائے جا رہے ہیں ان میں سے 97 فی صد ایسے افراد ہیں جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی۔

ان کے بقول ڈیلٹا ویریئنٹ اصل کرونا وائرس کی نسبت دو گنا تیزی سے پھیلنے والی قسم ہے۔

19:23 4.8.2021

انڈونیشیا میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز

انڈونیشیا میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی ہے جب کہ ڈیلٹا ویریئنٹ کے باعث نئے کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

وبا کے آغاز سے لے کر رواں برس مئی تک انڈونیشیا میں کرونا سے 50 ہزار ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ تاہم نو ہفتے بعد یہ تعداد اب دگنا ہو گئی ہے۔

انڈونیشیا کی وزارتِ صحت کے مطابق بدھ کو ملک میں کرونا کے باعث مزید 1747 ہلاکتیں ہوئی جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 635 ہو گئی ہے۔

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے انڈونیشیا کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسپتالوں میں آکسیجن، انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں اضافے اور دیگر اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔

18:56 4.8.2021

امریکہ ویکسین کی 11 کروڑ خوراکیں عطیہ کر چکا ہے: صدر بائیڈن

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ اب تک دنیا کے 65 ممالک کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی 11 کروڑ خوراکیں فراہم کر چکا ہے۔

منگل کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ یہ امداد روس اور چین سمیت ویکسین عطیہ کرنے والے 24 ممالک سے بھی زیادہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ ویکسین کے بدلے کسی ملک سے کسی رعایت کا مطالبہ نہیں کر رہا بلکہ یہ صرف مہلک وبا کے خاتمے کی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔

وائس آف امریکہ کی جانب سے پوچھے گئے اس سوال کے کیا دیگر زیادہ آمدنی والے ممالک کو بھی امریکہ کی پیروی کرتے ہوئے ویکسین عطیہ کرنی چاہیے؟ صدر بائیڈن نے کہا کہ ایسے ممالک جو اپنی ضرورت پوری کر چکے ہیں، اُنہیں 100 کے لگ بھگ غریب ممالک کی مدد کرنی چاہیے۔ چاہے وہ ڈالرز کی شکل میں ہو یا ویکسین کی صورت میں فراہم کی جائے۔

16:32 4.8.2021

پاکستان میں کرونا کے پھیلاؤ کے باوجود تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ

پاکستان میں کرونا وائرس کیسز میں اضافے کے باوجود ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بدھ کو وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا آئندہ اجلاس 25 اگست کو ہو گا جس کے بعد صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG