رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

12:31 5.8.2021

پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ صفر چھ فی صد

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 462 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے پانچ ہزار 661 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ صفر چھ ریکارڈ ہوئی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 60 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے مزید چھ ہزار 787 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا سے اب تک دس لاکھ 53 ہزار 660 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 635 ہو گئی ہے۔

11:43 5.8.2021

ویکسین لگوائیں یا نوکری چھوڑ دیں: نرسنگ ہومز کا اسٹاف کو پیغام

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر نرسنگ ہومز نے اپنے عملے سے کہا ہے کہ انہیں اپنی نوکریاں برقرار رکھنے کے لیے اس ہفتے ویکسین لگوانا ہو گی۔

’جینیسز ہیلتھ کیئر‘ کمپنی نے اِس وقت نوکری کو ویکسین لگوانے سے مشروط کیا ہے جب ان کا 40 فی صد کے قریب اسٹاف اب بھی ویکسین لگوانے کے خلاف ہے۔

امریکی کمپنی ’جینیسز ہیلتھ کیئر‘ کے ملازمین کی تعداد 70 ہزار کے قریب ہے جو تقریباً 400 نرسنگ ہومز اور سینئر کمیونیٹیز کے اندر کام کر رہے ہیں۔

بعض ماہرین نرسنگ ہومز میں اسٹاف کے لیے ویکسین شاٹس کو لازمی قرار دے رہے ہیں اور خبردار کر رہے ہیں کہ ویکسین نہ لگوانے والا عملہ یہاں موجود دیگر افراد کے لیے خطرے کا باعث بن رہا ہے۔

امریکہ میں 25 جولائی کو نرسنگ ہومز میں رہنے والے ایک ہزار 250 سے زیادہ افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی جو اس سے پچھلے ہفتے کی نسبت دو گنا زیادہ تعداد ہے۔

11:18 5.8.2021

کرونا ویکسین وائرس سے زیادہ خطرناک ہے: سروے میں بالغ امریکیوں کی رائے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایک نئی جائزہ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ زیادہ تر بالغ امریکی یہ سمجھتے ہیں کہ کرونا ویکسین وائرس سے زیادہ خطرناک ہے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق کائیزر فیملی فاؤنڈیشن نے بدھ کو ایک عوامی سروے پر مشتمل رپورٹ جاری کی ہے جس میں عالمی وبا کرونا سے متعلق ویکسین لگوانے اور نہ لگوانے والوں کے خیالات میں اختلاف پایا گیا ہے۔

سروے میں شہریوں سے سوال کیا گیا تھا کہ وہ کس چیز کو سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔

ویکسین نہ لگوانے والے 53 فی صد کے نصف کا یہ کہنا تھا کہ ویکسین لگوانا ان کی صحت کے لیے وائرس سے متاثر ہونے سے زیادہ خطرناک ہے۔

اس کے برعکس 88 فی صد ویکسی نیٹڈ شہریوں میں سے بڑی اکثریت کا کہنا تھا کہ ویکسین کی نسبت کرونا ان کی صحت کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

واشنگٹن پوسٹ میں شائع رپورٹ کے مطابق کائیزر فاؤنڈیشن کے سروے میں جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوا رکھی وہ ڈیلٹا ویریئنٹ سے کم خوف زدہ تھے اور ویکسین کی افادیت پر بھی ان کا کم ہی بھروسہ تھا۔

سروے میں شریک 57 فی صد ویکسین نہ لگوانے والے بالغ افراد میں سے اکثریت کا یہ بھی کہنا تھا کہ خبر رساں ادارے عالمی وبا سے متعلق صورتِ حال کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔

تاہم جن افراد نے ویکسین لگوائی ہوئی ہے ان میں سے 17 فی صد اس نکتہ نظر سے اتفاق کرتے ہیں۔

11:00 5.8.2021

سابق امریکی صدر براک اوباما نے ساٹھویں سالگرہ کی تقریب کو محدود کر دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر سابق صدر براک اوباما نے میسی چیوسٹس میں موجود رہائش گاہ پر اپنی ساٹھویں سالگرہ کی تقریب کو محدود کر دیا ہے۔

سابق امریکی صدر بدھ کو 60 برس کے ہو گئے۔

اس موقع پر براک اوباما اور سابق خاتون اوّل مشعل اوبامہ نے مارتھاز وائن یارڈ میں تعطیلات کے لیے بنائے گئے گھر پر 475 افراد کو مدعو کر رکھا تھا لیکن اب وہ مہمانوں کی فہرست کو خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں تک محدود کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مہمانوں کی ابتدائی فہرست میں متوقع طور پر براک اوباما کے سابق معاونین، اہم ڈیموکریٹک رہنما، جارج کالونی اور اوپرا ونفری جیسے شوبز ستارے بھی شامل تھے۔

تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ مہمانوں کی اس فہرست میں کون کون سی شخصیات شامل ہیں۔

ری پبلکن رہنماؤں کی جانب سے شکایات سامنے آ رہی تھیں کہ براک اوباما ملک کے اندر بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG