ڈیلٹا ویریئنٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، عوام احتیاط کریں: پاکستانی وزارتِ صحت کا انتباہ
پاکستان میں کرونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر وزارتِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کے لیے وبا کا پھیلاؤ روکنا ضروری ہے۔
وزارتِ صحت نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ سماجی فاصلے برقرار رکھیں اور ہجوم میں جانے سے گریز کریں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 462 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے پانچ ہزار 661 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
امریکہ میں آئندہ ہفتوں میں یومیہ کیسز دو لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں: ڈاکٹر فاؤچی
امریکہ کے وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ کرونا کے تیزی سے پھیلنے والے ڈیلٹا ویریئنٹ کے خدشے کے پیشِ نظر ملک میں آئندہ ہفتوں میں یومیہ کیسز دو لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈاکٹر فاؤچی نے امریکی نیوز ایجنسی ’میکلاچی واشنگٹن بیورو‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت زیادہ شدید ہے اور ہم اس وجہ سے واقعی پریشانی کا شکار ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ لوگ جو یہ سوچ رہے ہیں کہ کرونا ویکسین صرف ان کے لیے ہے تو ایسا نہیں ہے۔ یہ تمام لوگوں کے لیے ہے۔
امریکہ میں یبماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے ادارے سی ڈی سی کے مطابق امریکہ میں رپورٹ ہونے والے مجموعی کیسز میں سے 83 فی صد کیسز ڈیلٹا ویریئنٹ کے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی کرونا رسپانس ٹیم کے مطابق ویکسین نہ لگوانے والے شہری کرونا کے 97 فی صد تشویش ناک کیسز کی نمائندگی کرتے ہیں۔
ویکسین کی فراہمی کا چیلنج، ڈبلیو ایچ او کی بوسٹر شاٹ نہ لگانے کی اپیل
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ویکسین کی فراہمی کی وجہ سے عوام بوسٹر شاٹس لگوانے سے گریز کریں۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ جب تک ہر ملک کی کم از کم دس فی صد آبادی کو ویکسین نہیں لگ جاتی اس وقت تک بوسٹر شاٹس نہ لگوائے جائیں۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبراسس کا کہنا ہے کہ ہمیں اس سلسلے کو فوری تبدیل کرنا ہو گا جس میں امیر ممالک میں ویکسین کی فراہمی کی شرح غریب ملکوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ کرونا کا ڈیلٹا ویریئنٹ ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔
بھارت میں 533 اموات
بھارت کی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 533 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید 42 ہزار 982 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ پانچ آٹھ فی صد ریکارڈ کی گئی ہے۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 41 ہزار 726 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔