پاکستان میں 67 اموات
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 67 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 702 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 57 ہزار 981 ٹیسٹ کیے جن میں سے چار ہزار 745 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ ایک آٹھ ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا سے دو ہزار 95 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
امریکہ کا کمزور مدافعتی نظام والے شہریوں کو بوسٹر شاٹس فراہم کرنے کا عزم
وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے جمعرات کو کہا ہے کہ امریکہ کمزور مدافعتی نظام والے مریضوں کو بوسٹر شاٹ فراہم کرنے پر کام کر رہا ہے۔
ڈاکٹر فاؤچی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ کمزور مدافعتی نظام والے افراد کو ممکنہ طور پر کرونا ویکسین سے کافی حد تک تحفظ نہیں مل سکتا۔ اس لیے ہمارے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ انہیں بوسٹر شاٹس فراہم کیے جائیں اور ہم اب اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ میں ویکسی نیشن کے سلسلے کو تیز کر کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکہ، عالمی ادارہ صحت کی اپیل کو نظر انداز کرتے ہوئے جرمنی، فرانس اور اسرائیل کی طرح بوسٹر شاٹس فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہو رہا ہے۔
کرونا بحران میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو سراہنے کے لیے باربی ڈولز تیار
کرونا وبا میں طب کے شعبے میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو سراہنے اور ان کی پہچان کے لیے کھلونے بنانے والی ایک بڑی کمپنی نے ان کی طرح نظر آنے والی باربی ڈولز تیار کی ہیں۔ کھلونے بنانے والی امریکی کمپنی ’مٹیل‘ نے سائنس کے شعبے سے تعلق رکھنے والی چھ خواتین کی باربی ڈولز بنائی ہیں جسے ’رول ماڈل‘ قرار دیا گیا ہے۔
مٹیل کمپنی نے برطانیہ کی آکسفرڈ یونیورسٹی کی پروفیسر اور ایسٹرازینیکا ویکسین کی شریک تخلیق کار سارہ گلبرٹ سمیت پانچ دیگر خواتین کی باربی ڈول تیار کی ہیں یہ خواتین ہیلتھ کیئر کے شعبے سے وابستہ ہیں اور انہوں نے کرونا وبا کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
سارہ گلبرٹ نے مٹیل کمپنی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ’یہ ایک منفرد سا تصور ہے کہ میری طرح دکھنے والی باربی ڈول بنائی گئی ہے۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے لڑکیوں کے لیے سائنس کے شعبے کو بطور کیریئر منتخب کرنے میں آسانی ہوگی۔
مٹیل کمپنی کے مطابق انہوں نے نیو یارک کے وائی کاف اسپتال کے ایمرجنسی روم میں کرونا کے پہلے مریض کی دیکھ بھال کرنے والی نرس ایمی او سلیون اور لاس ویگاس کی فرنٹ لائن ڈاکٹر اوڈری کروز کی باربی ڈول بھی بنائی ہے۔
ٹوکیو میں یومیہ ریکارڈ 5042 کیس رپورٹ
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں کرونا کے ایک ہی دن میں ریکارڈ 5042 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹوکیو میں کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس گیمز جاری ہیں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو میں جاپان کے وزیرِ اعظم یوشی ہیڈے سوگا کا کہنا تھا کہ وبا جس تیزی سے پھیل رہی ہے اس کا ہمیں اندازہ نہیں تھا۔
خیال رہے کہ جاپانی وزیرِ اعظم پر یہ تنقید کی جا رہی تھی کہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کے باوجود اُنہوں نے اولمپکس کے انعقاد پر اصرار کیا۔
البتہ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ کیسز میں اضافے کی وجہ اولمپک گیمز نہیں ہیں۔
جاپان میں بدھ کو مجموعی طور پر 14 ہزار کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد نو لاکھ 70 ہزار 460 ہو گئی ہے۔