پنجاب کے چار شہروں میں پابندیاں عائد
پاکستان کے صوبے پنجاب کے چار شہروں لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں پیر سے 31 اگست تک ان ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مذکورہ چاروں شہروں میں آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات کی رات 10 بجے تک اجازت ہو گی جس میں صرف 300 افراد کرونا ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے شرکت کر سکیں گے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مذہبی، ثقافتی، موسیقی اور دیگر ان ڈور تقاریب پر بھی پابندی ہوگی البتہ کھلے میدان میں یہ سرگرمیاں 300 افراد کی موجودگی میں کرونا پروٹوکول کا خیال رکھتے ہوئے کی جا سکتی ہیں۔
سندھ میں لاک ڈاؤن ختم، بازار رات آٹھ بجے تک کھلیں گے
سندھ میں کرونا کیسز میں اضافے کے باعث صوبے بھر میں لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کی مدت ختم ہو گئی ہے جس کے بعد اب بازار اور شاپنگ مال رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔
لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد پیر سے آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 10 بجے تک ہوگی جب کہ اِن ڈور ڈائننگ کی اجازت فی الحال نہیں ہے۔ اِن ڈور جم میں صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی جاسکیں گے۔
سندھ میں شادی بیاہ کی تقریبات کھلے مقامات پر ہو سکیں گی۔ البتہ مزارات بند رہیں گے۔
صوبائی حکومت نے اسکول 19 اگست تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے لیکن 10 اگست سے انٹر کے رہ جانے والے پرچے شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
سعودی عرب: ویکسین لگوانے والے غیر ملکی مسلمانوں کو عمرے کی اجازت
سعودی عرب نے ویکسین لگوانے والے غیر ملکی زائرین کو ڈیڑھ سال بعد عمرے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزارتِ حج اور عمرہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نو اگست سے دنیا کے مختلف ممالک سے بتدریج عمرے کی درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
سعودی عرب نے چین کی تیار کردہ ویکسین لگوانے والے زائرین کو بھی ملک میں داخلے کی اجازت دی ہے۔ تاہم اُن کے لیے شرط رکھی گئی ہے کہ وہ سعودی حکومت کی منظور کردہ ویکسینز ایسٹرازینیکا، فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن میں سے کسی ایک کی بوسٹر ڈوز لگوائیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے چین کی ویکسینز سائنو فارم اور سائنو ویک کی تاحال منظوری نہیں دی۔
کرونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد سعودی عرب نے بیرون ملک سے عمرہ کے لیے آنے والوں پر اپنی سرحدیں بند کر دی تھیں۔ البتہ اب صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی عمرہ کی درخواست دے سکیں گے۔
بھارت میں 39 ہزار سے زائد افراد میں کرونا کی تشخیص
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 491 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے 39 ہزار 70 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
کرونا کی عالمی وبا سے بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 491 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں، جس کے بعد مجموعی اموات چار لاکھ 27 ہزار 862 ہوگئی ہیں۔