آسٹریلیا میں یومیہ ریکارڈ کیسز، لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کرنے والے گرفتار
آسٹریلیا کے دو شہروں میلبرن اور سڈنی میں کرونا وبا کے باعث عائد کردہ لاک ڈاؤن کے خلاف ہونے والے احتجاج میں پولیس نے سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
ہفتے کو مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے سبب سات پولیس اہل کار زخمی بھی ہوئے۔ جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریاست وکٹوریا کے شہر میلبرن کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے 218 افراد کو گرفتار جب کہ 236 افراد پر جرمانے کیے ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے دارالحکومت سڈنی میں قانون کی خلاف ورزی کرنے اور گرفتاری میں مزاحمت کرنے پر 47 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
دوسری طرف آسٹریلیا میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ کیے گئے۔
ہفتے کو رپورٹ کیے جانے والے یومیہ 894 کیسز میں سے اکثریت سڈنی سے رپورٹ کیے گئے۔ جو کہ کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا ویرینٹ کا گڑھ سمجھا جا رہا ہے۔
کرونا وائرس: ویت نام میں شہریوں کو گھر پر رہنے کے احکامات، فوج تعینات کرنے کا فیصلہ
ویت نام کے شہر ہو چی من سٹی میں، جسے عام طور پر سائیگان کہا جاتا ہے کرونا کی روک تھام کے لیے شہریوں کے گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شہر میں ایک ہفتے سے عائد پابندیوں کے باجود وبا کے پھیلاؤ قابو میں نہ آنے کی وجہ سے شہر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ویت نام میں وبا سے تین لاکھ 12 ہزار افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ 7150 افرد ہلاک ہوئے ہیں۔ متاثر افراد کی نصف اور اموات میں سے 80 فی صد ہو چی من سٹی میں ہوئی ہیں۔
آسٹریلیا: کرونا کی ڈیلٹا ویریئنٹ کی روک تھام کے لیے سڈنی میں رات کا کرفیو نافذ
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کرونا کے ڈیلٹا وائرس کی روک تھام کے لیے آئندہ ہفتے سے رات کے اوقات میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پریمیر گلیڈیز بیریجیکلیئن نے ستمبر کے اختتام تک کرفیو سمیت لاک ڈاؤن کی دیگر پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔
نئی پابندیوں کے بعد رات نو سے صبح پانج بجے تک سڈنی کے انتہائی متاثرہ 12 کونسل علاقوں میں کرفیو نافذ رہے گا۔ ان علاقوں میں سڈنی کی چالیس فی صد آبادی رہتی ہے جن کی تعداد لگ بھگ پچاس لاکھ ہے۔
کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان علاقوں کے باہر سے یہاں آنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور انہیں 14 روز کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔
سڈنی میں 16 جون کو ڈیلٹا ویریئنٹ کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد 12 ہزار کرونا کیسز سامنے آچکے ہیں۔
آسٹریلیا میں کرونا کا ڈیلٹا ویریئنٹ پھیلنے کے باوجود وائرس کے پھیلاؤ کی شرح کم بتائی جاتی ہے۔ آسٹریلیا میں کیسز کی مجموعی تعداد 42ہزار سے زائد ہے اور 975 ہلاکتیں ہوچکی ہیں
اسرائیل میں پھر پابندیاں سخت
اسرائیل میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب ایک بار پابندیاں سخت کر دی گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بدھ کو پابندیوں میں سختی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے حکام نے شہریوں کو جلد از جلد ویکسین لگانے پر بھی زور دیا ہے۔
حکام نے پابندی لگائی ہے کہ وہ افراد جنہوں نے ویکسین نہ لگائی ہو یا کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ نہ ہو، عوامی مقامات کا رخ نہیں کر سکیں گے۔
مذہبی مقامات پر بھی داخلے کے لیے ویکسی نیشن اور کرونا کے منفی سرٹیفکٹ کی شرط عائد کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اسرائیل میں 58 فی صد شہری ویکسی نیشن کرا چکے ہیں۔ ان کو فائزر کی دو ڈوزز لگ چکی ہیں۔