پاکستان میں ویکسین نہ لگوانے والوں پر نئی پابندیاں عائد
پاکستان میں کرونا کی روک تھام کے نگراں ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ 30 ستمبر کے بعد ویکسین کا کورس مکمل نہ کرنے والے ملک کے اندر اور باہر سفر نہیں کر سکیں گے۔
اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 15 اکتوبر کے بعد ویکسین کا کورس مکمل نہ کرنے والوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے نہیں دیا جائے گا۔
اسد عمر نے کہا کہ 17 سال اور اس سے زائد عمر کے طلبہ کے لیے 15 ستمبر تک ویکسین کی ایک ڈوز لگانا لازم ہے۔ ویکسین کورس مکمل نہ کرنے والے 30 ستمبر کے بعد شادی کی تقریبات میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے جن کا کہنا ہے کہ جعلی کرونا سرٹیفکٹ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 50 سال سے زائد عمر کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لیے بوسٹر شاٹ لگانے کا معاملہ بھی زیرِ غور ہے۔
کرونا ویکسین کی اضافی خوراک لگانے کا عمل مؤخر کردینا چاہیے، سربراہ عالمی ادارۂ صحت
عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبرئیسس نے کہا کہ کرونا ویکسین کی بوسٹر خوراک لگانے سے زیادہ ان ممالک میں ویکسی نیشن کی شرح میں اضافے کو ترجیح دینی جانی چاہیے جہاں مجموعی آبادی کی صرف ایک یا دو فی صد ہی کو ویکسین لگائی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی سطح پر ویکسی نیشن کی شرح میں اضافہ نہیں ہوا تو کرونا وائرس کے خطرناک ویریئنٹ سامنے آتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس لیے بوسٹر یا اضافی خوراکوں کے لیے استعمال کرنے کے بجائے ایسے ممالک کو ویکسین فراہم کی جائے جہاں ابھی تک لوگوں کو پہلی یا دوسری خوراک بھی نہیں لگی ہے۔
ٹیڈروس ایڈہانوم گیبرئیسس کا کہنا تھا کہ بوسٹر شاٹس کی افادیت پر بحث جاری ہے۔
پشاور میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 16 فی صد سے تجاوز کرگئی
پاکستان کی وفاقی وزارت صحت نے کرونا کے پھیلاؤ کی شرح کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیے۔
ان اعداد وشمار کے مطابق 16 سے 22 اگست کے دوران سامنے آنےوالے کیسز کے اعتبار سے پشاور میں 16 اعشاریہ 38 فی صد کے ساتھ وبا کے پھیلاؤ کی شرح سب سے زیادہ رہی۔
دوسرے نمبر پر یہ شرح پنجاب کے شہر بہاولپور میں 12 اعشاریہ 8 فی صد اور تیسرے نمبر پر راولپنڈی میں 11 اعشاریہ 49 فی صد رہی۔
ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی کرونا کے پھیلاؤ کی 10 اعشاریہ 58 فیصد شرح کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
سندھ میں 30 اگست سے 100 فی صد ویکسی نیشن کرانے والے اسکول کھولنے کا اعلان
سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے 30 اگست سے سو فیصد ویکسی نیشن کرانے والے اسکول کھولنے کا اعلان کردیا۔
وزیر تعلیم نے نجی اسکول ایسوی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے 80 فی صد عملے کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن بچوں کے والدین ویکسین لگوا چکے ہیں صرف انہیں اسکول آنے کی اجازت ہوگی۔ بچوں کے والدین کو اسکول میں نادرا کا جاری کردہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسکول 50 فی صد حاضری کے ساتھ ہفتے میں چھ روز تک کھولے جائیں گے۔