جاپان: پیرالمپکس کے آغاز کے بعد نافذ ایمرجنسی کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ
جاپان میں پیرالمپکس کی افتتاحی تقریب کے بعد بدھ کو کرونا وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے نافذ ایمرجنسی کے دائرہ کار کو مزید آٹھ شہروں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق حکومتی ترجمان کاٹسنوبو کیتو کا کہنا ہے کہ ماہرین کے پینل نے ٹوکیو سمیت 13 شہروں میں پہلے سے نافذ شدہ ایمرجنسی کا دائرہ کار بڑھا کر مزید آٹھ شہروں تک بڑھانے کی منظوری دی تھی۔
'اے ایف پی' کے مطابق فیصلے پر عمل درآمد جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیڈے سوگا کے خصوصی اجلاس کے بعد متوقع ہے۔
جاپان میں کرونا سے مجموعی طور پر 13 لاکھ سے زائد افراد متاثر جب کہ 15 ہزار 500 کے قریب ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ جاپان میں کھیلوں کے مقابلے اولمپکس کے بعد جسمانی طور پر معذور ایتھلیٹس کے لیے 'پیرالمپکس' مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
پیرا لمپکس کی افتتاحی تقریب جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں 24 اگست کو منعقد ہوئی تھی جب کہ کھیلوں کا یہ مقابلہ پانچ ستمبر تک جاری رہے گا۔
بھارت میں 37 ہزار 593 کیسز
بھارت میں 25 اگست کو مزید 37 ہزار 593 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 648 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ 35 ہزار 758 ہو گئی ہے۔
بھارت میں کرونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ ایک صفر فی صد رہی ہے جب کہ ملک میں مزید 34 ہزار 169 مریض وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان میں 141 مریض ہلاک
پاکستان میں تین مئی کے بعد کرونا سے ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے متاثرہ 141 مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 25 ہزار 220 تک جا پہنچی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 61 ہزار 410 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار 199 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح چھ اعشاریہ آٹھ تین فی صد ریکارڈ ہوئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا سے تین ہزار 915 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
پاکستان: 15 برس سے زائد عمر کے نوجوانوں کی ویکسی نیشن کا فیصلہ
پاکستان میں 15 برس سے زائد عمر کے نوجوانوں کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں کرونا وبا کے نگراں ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ "منگل کو اجلاس میں 15 برس اور اس سے زائد عمر کے نوجوانوں کو ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔"
اسد عمر کے مطابق ملک میں 17 برس کی عمر کے نوجوانوں کی ویکسی نیشن کا آغاز یکم ستمبر سے کیا جائے گا جب کہ 15 اور 16 برس کے نوجونواں کی ویکسی نیشن کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔