ویکسین کا اثر چھ ماہ میں گھٹ جاتا ہے، تیسرا بوسٹر ضروری ہے: مطالعاتی رپورٹ
برطانیہ میں محققین کے مطابق، کووڈ 19 کے خلاف تحفظ دینے والی فائزر بائیو این ٹیک اور آکسفورڈ ایسٹرزینیکا ویکسین کی دو خوراکوں کے اثرات چھ ماہ کے اندر ختم ہونے لگتے ہیں۔ انہوں نے اس کے بعد ویکسین کی بوسٹر خوراک لگوانے پر زور دیا ہے۔
رائٹرز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں زی او ای کوویڈ کے تحت ہونے والی تحقیق کے ڈیٹا سے ظاہر ہوا ہے کہ فائزر ویکسین کی دو خوراکوں کی کرونا وائرس سے تحفظ دینے کی قوت پانچ سے چھ ماہ کے بعد 88 فی صد سے گر کر 74 فی صد پر چلی جاتی ہے۔
ایسٹرا زینیکا ویکسین کے متعلق بتایا گیا ہے کہ اس کی وبا سے بچاؤ کی قوت چار سے پانچ مہینوں کے بعد 77 فی صد سے گر کر 67 فی صد رہ گئی۔
اس مطالعے کے اعداد و شمار دس لاکھ سے زیادہ ان صارفین کی رپورٹس پر مشتمل ہیں جنہوں نے اس سلسلے میں انٹرنیٹ پر بنائی گئی ایک ایپ پر مرض سے متعلق علامتوں کے متعلق اطلاع دی تھی۔ اس ایپ کا مقصد ویکسین لینے والوں اور نہ لینے والوں کے درمیان موازنہ تھا۔
کرونا وبا سے متعلق 10 لاکھ سے زائد 'خطرناک' ویڈیوز ہٹا دی گئیں: یوٹیوب
دنیا کے مقبول ترین ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب نے کہا ہے کہ کرونا وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک 10 لاکھ سے زائد ایسی ویڈیوز کو ہٹایا جا چکا ہے جو کرونا وائرس سے متعلق 'خطرناک گمراہ کن معلومات' پر مبنی تھیں۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق یوٹیوب نے بدھ کو ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ وہ صحت کی تنظیموں بشمول امریکہ کے بیماریوں کی روک تھام کے ادارے اور عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین کے اتفاق رائے پر انحصار کرتی ہے۔ لیکن کچھ معاملات میں 'گمراہ کن معلومات کم واضح' ہوتی ہیں کیوں کہ نئے حقائق سامنے آ رہے ہوتے ہیں۔
یوٹیوب کے چیف پروڈکٹ آفیسر نیل موہن نے لکھا کہ "ہماری پالیسیاں ایسی ویڈیوز کو ہٹانے پر مرکوز ہیں جو براہِ راست حقیقی دنیا کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔"
گوگل کی زیرِ ملکیت ویڈیو پلیٹ فارم کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سیاسی رہنما کرونا وائرس اور دیگر موضوعات سے متعلق غلط اور نقصان دہ گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکامی پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
امریکہ سے 37 لاکھ فائرز ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں
امریکہ نے پاکستان کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی مزید 37 لاکھ خوراکیں فراہم کر دی ہیں۔
جمعرات کو فائزر ویکسین کی خوراکوں کی کھیپ حکومت کے حوالے کی گئی۔
پاکستان میں امریکہ کے سفارت خانے کے بیان کے مطابق کرونا وائرس کی ویکسین کی یہ خوراکیں جولائی میں فراہم کی جانے والی موڈرنا ویکسین کی 55 لاکھ خوراکوں کے علاوہ ہیں۔
امریکہ پاکستان کو مجموعی طور پر 92 لاکھ خوراکیں فراہم کر چکا ہے۔
امریکہ پاکستان سمیت دنیا کے 92 ممالک کے عوام کو 50 کروڑ فائزر ویکسین کی خوراکیں فراہم کر رہا ہے
آسٹریلیا: ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں لاک ڈاؤن کے باوجود 919 کیسز
آسٹریلیا کی ریاست نیوساؤتھ ویلز میں دو ماہ سے لاک ڈاؤن کے باوجود بھی کرونا کیسز میں کمی نہیں آ سکی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بدھ کو نیو ساؤتھ ویلز میں 919 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 113 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں جن میں سے 98 افراد نے ویکسین نہیں لگوائی تھی۔
ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی چیف ہیلتھ آفیسر کیری چینٹ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ "اعداد و شمار اس بات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں کہ ویکسی نیشن بہت ضروری ہے۔"
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 46 ہزار 600 تک جا پہنچی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 986 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔