امریکہ میں رواں برس میں کرونا وائرس سے مزید ایک لاکھ اموات کا اندیشہ
امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک چھ لاکھ 32 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ جب کہ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ تین ماہ میں مزید ایک لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عوامی مقامات پر شہری ماسک کا استعمال شروع کر دیں تو یہ تعداد کم ہو کر نصف ہو سکتی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے بات کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ٹیکساس میں قائم کرونا وائرس کے ادارے کی ڈائریکٹر لارن اینسل مییرز کہتی ہیں کہ انسانی طرز عمل یہ طے کرے گا کہ کرونا وبا کی موجودہ لہر کس وقت نیچے جاتی ہے اور یہ کمی کتنی پائیدار ہوتی ہے۔
اینسل مییرز کا مزید کہنا تھا کہ وہ ڈیلٹا ویرئینٹ کو تو نہیں روک سکتے مگر ہم خود اپنے طرز عمل میں فوری تبدیلی ضرور لا سکتے ہیں۔
اس کی وضاحت کرتے ہوئے اینسل مییرز کا کہنا تھا کہ ماسک پہننے کو لازمی سمجھا جائے۔ سماجی ملاقاتیں کم کی جائیں۔ بیماری کی صورت میں گھر رہا جائے اور ویکسین لگوائی جائے۔
رواں سال موسم گرما میں امریکہ کرونا وبا کی چوتھی لہر کی لپیٹ میں ہے اور اس بار تیزی سے پھیلنے والے کرونا وبا کے ڈیلٹا ویرئینٹ کا سامنا ہے۔
پاکستان میں وبا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں معمولی کمی
پاکستان میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں معمولی کمی آئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 61 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن میں چار ہزار 191 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تشخیص ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز کیے جانے والے ٹیسٹ میں مثبت آنے کی شرح 6.83 رہی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں حالیہ دنوں میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح کافی بلند ہو گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بڑے شہروں میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 80 فی صد تک بھی گئی تھی۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے تین ماہ میں تیسری بار 100 سے زائد یومیہ اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 120 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا سے ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 25 ہزار 535 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ جمعے کو ہونے والی 120 اموات گزشتہ تین میں تیسری بار ایک دن میں سو سے زائد اموات کی تعداد ہے۔
پاکستان میں 20 مئی کو 102 افراد وبا کے باعث ہلاک ہوئے تھے اس کے بعد دو روز قبل سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ 141 افراد کی وبا کے بعد موت ہوئی ہے جب کہ جمعے کو بھی سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
پاکستان میں اب بھی 92 ہزار افراد زیرِ علاج
پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید چار ہزار 553 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک 11 لاکھ 40 ہزار افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 10 لاکھ 22 ہزار افراد صحت یاب اور 25 ہزار 320 اموات ہوئی ہیں۔ یوں وبا سے متاثرہ 92 ہزار 244 افراد اب بھی زیرِ علاج ہیں۔
حکام کے مطابق زیرِ علاج افراد میں سے پانچ ہزار 476 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔