بھارت میں کرونا کی 63 کروڑ خوراکیں لگا دی گئیں
بھارت میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اب تک مجموعی طور پر ویکسین کی 63 کروڑ خوراکیں لگائی دی گئی ہیں۔
وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق ہفتے کو بھارت میں 70 لاکھ سے زائد افراد کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی جب کہ اس سے قبل جمعے کو ایک کروڑ بھارتی شہریوں کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی تھی۔
دریں اثنا بھارت میں کرونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 45 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 460 افراد اس وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 69 ہلاکتیں
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 69 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ ملک بھر میں کرونا کے مزید 3909 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں پانچ ہزار 639 مریض انتہائی نگہداشت وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 918 افراد کے ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے 3909 مثبت آئے ہیں جب کہ کرونا سے مجموعی اموات 25 ہزار 604 ہو گئی ہیں۔
بھارت میں ایک دن میں ایک کروڑ افراد کی کرونا ویکسی نیشن
بھارت میں ایک دن میں ایک کروڑ سے زائد افراد کو کرونا وائرس سے مدافعت کی ویکسین لگائی گئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت نے ایک بیان میں بتایا کہ جمعے کو ایک کروڑ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین لگائی گئی جو ملک میں جاری ویکسی نیشن مہم میں یومیہ سب سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کا ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے بھارت میں ایک دن میں 92 لاکھ افراد کو ویکسین دی گئی تھی۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایک ارب 30 کروڑ کی آبادی والے ملک کے لیے اسے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے ویکسین لگوانے والے افراد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی وجہ سے حکومت کی ویکسین کی مہم کامیاب ہو رہی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق حکومت نے رواں برس کے اختتام تک ایک ارب 10 کروڑ بالغ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
قبل ازیں انتظامی معاملات اور لوگوں کی جانب سے ویکسین لگوانے میں تردد اس ہدف کو پورا کرنے میں آڑے آ رہا تھا۔ جنوری سے شروع ہونے والی اس مہم میں اب تک ملک کے 15 فی صد بالغ افراد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
بھارت میں اپریل اور مئی کے دوران وبا کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جس کے بعد سے اب اس میں کافی کمی آئی ہے۔
ملک میں نقل و حرکت پر تمام پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں جب کہ مبصرین ملک میں ایک اور وبا کی لہر کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔
پاکستان میں ایک کروڑ 52 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن مکمل
پاکستان میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اور اب اس میں تیزی لانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔
حکومت کے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 52 لاکھ 70 ہزار افراد کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں مزید چار لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔
حکام کہنا ہے کہ پاکستان میں تین کروڑ 99 لاکھ شہریوں کو ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لگائی جا چکی ہے۔