سندھ میں تعلیمی ادارے کھل گئے
حکومتِ سندھ کی اجازت کے بعد پیر سے صوبے بھر میں تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔
صوبائی حکومت نے اسکول مالکان کو تعلیمی ادارے کھولنے کی مشروط اجازت دی ہے۔ اسکول عملے کی 100 فی صد ویکسی نیشن اور طلبہ کی 50 فی صد حاضری کو یقینی بنانا لازم ہو گا۔
کرونا کی احتیاط کے قواعد کے مطابق بچوں کے والدین کو بھی کرونا ویکسین کا سرٹیفکٹ اسکولوں میں جمع کرانا ہوں گے۔
پاکستان میں مزید 66 اموات، 3800 نئے کیسز رپورٹ
نظامِ صحت پر دباؤ پاکستان میں مزید 14 شہروں پر کرونا ایس او پیز کا اطلاق
پاکستان میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مزید 14 شہروں پر کرونا پابندیوں کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔
اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پنجاب کے شہروں خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی اب کرونا ایس او پیز کا اطلاق ہو گا۔
خیبرپختونخوا کے شہروں سوات، ہری پور، مانسہرہ، لوئر دیر، صوابی اور چترال میں اب کرونا پابندیوں کا اطلاق ہو گا۔
نئی پابندیوں کے تحت ان شہروں میں ضروری اشیا کے علاوہ دیگر کاروباری مراکز رات آٹھ بجے بند کر دیے جائیں گے جب کہ سرکاری دفاتر میں 50 فی صد افراد کو آنے کی اجازت ہو گی۔
آسٹریلیا میں کرونا کے مزید 1323 کیس رپورٹ
آسٹریلیا میں کرونا کے مقامی سطح پر مزید 1323 کیس رپورٹ ہونے کے بعد حکام کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق آسٹریلیا میں کرونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے کیس سب سے زیادہ ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں رپورٹ ہو رہے ہیں جہاں 1218 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ملک بھر میں کرونا پابندیاں ہٹانے پر غور ہو رہا ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز کی پریمیئر گلیڈیس بیریجکلیئن نے اعلان کیا ہے کہ 16 سے زائد عمر کے 70 فی صد افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہونے کے بعد ریاست میں پابندیاں ختم کر دی جائیں گی۔