رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

18:00 30.8.2021

کراچی اور حیدرآباد میں انڈور ڈائننگ پر پابندی برقرار

حکومتِ سندھ کے جاری کردہ حکم نامے میں وضاحت کی گئی ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں انڈور ڈائننگ پر پابندی برقرار رہے گی۔

اس سے قبل حکومتِ سندھ کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد میں کرونا ویکسین لگوانے والے افراد کے لیے پچاس فی صد گنجائش کی شرط کے ساتھ انڈور ڈائننگ کی اجازت دینے اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

لیکن آج جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں انڈور ڈائننگ پر پابندی برقرار رہے گی۔

محکمۂ داخلہ سندھ کے جاری کردہ حکم نامے میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت بھی رات دس بجے تک ہوگی۔

16:14 30.8.2021

سیاست اور نظریات کو پسِ پشت رکھتے ہوئے ویکسین لگوائیں، ڈاکٹر فاؤچی کی اپیل

امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک امریکہ میں کرونا سے مزید ایک لاکھ افراد جان کی بازی ہار سکتے ہیں۔ البتہ اُن کا کہنا تھا کہ بہتر حکمت عملی کے ذریعے ان اموات کو روکا جا سکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ صورتِ حال کو بگڑنے سے روک سکتا ہے، لیکن اصل مسئلہ وہ آٹھ کروڑ افراد ہیں جنہوں نے تاحال ویکسین نہیں لگوائی۔

ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ لوگ سیاست اور نظریات کو پسِ پشت رکھتے ہوئے ویکسین لگوائیں۔

امریکی اخبار 'نیو یارک ٹائمز' کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ہر روز اوسطً ایک لاکھ افراد کرونا کے باعث اسپتالوں میں داخل ہو رہے ہیں۔

09:55 30.8.2021

نیوزی لینڈ میں فائزر ویکسین سے پہلی ہلاکت رپورٹ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کرونا ویکسین فائزر سے ایک خاتون کی موت واقع ہوئی ہے جسے ملک میں ویکسین سے پہلی ہلاکت بھی کہا جا رہا ہے۔

نیوزی لینڈ کی وزارتِ صحت نے پیر کو جاری بیان میں کہا ہے کہ کرونا ویکسین کے لیے قائم کردہ آزاد سیفٹی بورڈ ویکسین سے خاتون کی ہلاکت کے معاملے کا جائزہ لے رہا ہے۔

البتہ وزارتِ صحت نے خاتون کی عمر سے متعلق معلومات فراہم نہیں کیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خاتون کی موت شاید مایوکارڈیٹس کے باعث ہوئی ہے۔

مایوکارڈیٹس دل کی سوزش کو کہا جاتا ہے جس میں دل کی خون کو پمپ کرنے کی صلاحیت محدود ہو جاتی ہے جو دل کی دھڑکن میں کمی کا باعث بنتی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نیوزی لینڈ میں موجود فائزر کی میڈیا ٹیم سے خاتون کی ہلاکت سے متعلق بذریعہ ای میل رابطہ کیا گیا ہے لیکن فوری طور پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔

09:35 30.8.2021

آسٹریلیا میں مجموعی اموات کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

پیر کو آسٹریلیا میں کرونا کے شکار مزید چار مریض دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1003 ہو گئ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ چند روز کے دوران یومیہ اوسطاً دو سے تین اموات رپورٹ ہو رہی ہیں تاہم لاک ڈاؤن کے باوجود کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

حکام کے لیے کرونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کی روک تھام بڑا چیلنج ہے اور یہ قسم آسٹریلیا کے سب سے بڑے شہر سڈنی اور میلبورن میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG