امریکی شہریوں کو فوراً روس چھوڑنے کا مشورہ
امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے روس میں مقیم اپنے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ فوری طور پر روس سے انخلا کر لیں۔
محکمۂ خارجہ نے اپنے شہریوں کے لیے انتباہ ایسے موقع پر جاری کیا ہے جب کئی فضائی کمپنیاں روس کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر رہی ہیں اور بہت سے ملک روس کے لیے اپنی فضائی حدود بھی بند کر رہے ہیں۔
روس میں امریکی سفارتِ خانے نے اپنی شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وزارتِ خارجہ نے روس کے لیے چوتھے درجے کی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے یعنی روس کے سفر سے گریز کیا جائے۔
امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کمرشل پروازوں کے ذریعے روس سے انخلا کریں۔
روس میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنے کے لیے مقامی اور عالمی میڈیا دیکھتے رہیں اور اپنی حفاظت سے متعلق اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کو آگاہ رکھتے رہیں۔
ماسکو میں یوکرین پر حملے کے خلاف احتجاج
روس یوکرین تنازع: عمران خان کا قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ
پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے اور وہ روس یوکرین تنازع کے بعد معیشت اور عالمی چیلنجز سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
روس کے حملے میں اب تک 352 افراد ہلاک ہوئے ہیں: یوکرین
یوکرین کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ روس کے حملے میں اب تک 352 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 14 بچے بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یوکرین کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں روسی حملے کے بعد ہونے والے انسانی جانی نقصان کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ جس کے مطابق روسی حملوں میں 1684 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 116 بچے شامل ہیں۔
یوکرین کی وزارتِ خارجہ نے روسی حملے میں ہلاک یا زخمی ہونے والے فوجیوں کی تعداد کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دیں۔